Wednesday , August 23 2017
Home / شہر کی خبریں / جگن موہن ریڈی تلنگانہ کے آبی پراجکٹس پر ابتداء سے مخالف

جگن موہن ریڈی تلنگانہ کے آبی پراجکٹس پر ابتداء سے مخالف

پراجکٹس کی تعمیر کو کوئی بھی طاقت روک نہیں سکتی ، ٹی ہریش راؤ کا بیان
حیدرآباد۔ 16۔ مئی  ( سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے تلنگانہ کے پراجکٹس کے خلاف وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے صدر جگن موہن ریڈی کے احتجاجی دھرنے پر تنقید کی ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ جگن موہن ریڈی ابتداء ہی سے تلنگانہ کے پراجکٹس کی مخالفت کر رہے ہیں۔ سیاسی مقصد براری کیلئے پراجکٹس کی مخالفت کرنا افسوسناک ہے اور اگر جگن موہن ریڈی اپنا رویہ ترک نہیں کریں گے تو انہیں عوام سبق سکھائیں گے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ سابق میں ان کے والد وائی ایس راج شیکھر ریڈی نے رائلسیما کو پانی سربراہ کرنے کیلئے تلنگانہ کے ساتھ ناانصافی کی تھی۔ ہریش راؤ نے کہا کہ پراجکٹس کی راہ میں رکاوٹ پیدا کرنا دراصل تلنگانہ کے کسانوںکو متاثر کرنے کی کوشش ہے۔ چیف منسٹر آندھراپردیش چندرا بابو نائیڈو اور جگن موہن ریڈی سیاسی مقصد براری کیلئے پراجکٹس کی مخالفت کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مہاراشٹرا اور کرناٹک سے آبی تنازعات کی یکسوئی کی کوشش کی جا رہی ہے اور دونوں حکومتوں سے بات چیت کے حوصلہ افزاء نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ ہریش راؤ نے امید ظاہر کی کہ کرناٹک اور مہاراشٹرا کی حکومتیں تلنگانہ کے کسانوں کے مفادات کے تحفظ کیلئے تعاون کریں گی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ آندھراپردیش حکومت آبی تنازعہ کو سنگین بنانے کی کوشش کر رہی ہے  جبکہ دوسری ریاست میں تعاون کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آندھراپردیش سے آبپاشی کے مسائل پر بات چیت کیلئے انہوں نے وہاں کے وزیر آبپاشی ڈی اوما مہیشور سے ربط قائم کیا تھا لیکن انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ کرناٹک کے چیف منسٹر نے محبوب نگر کیلئے ایک ٹی ایم سی پانی کی اجرائی سے اتفاق کیا ہے اور محبوب نگر کے عوام اس کے لئے شکر گزار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کی قیادت میں ٹی آر ایس حکومت پراجکٹس کی تعمیر میں سنجیدہ ہیں اور کوئی بھی طاقت پراجکٹس کی تعمیر کو روک نہیں پائے گی۔

TOPPOPULARRECENT