Sunday , August 20 2017
Home / شہر کی خبریں / جگن موہن ریڈی کے احتجاج کو ڈگ وجے سنگھ کی تائید

جگن موہن ریڈی کے احتجاج کو ڈگ وجے سنگھ کی تائید

آندھرا پردیش کے لئے خصوصی ریاست کا موقف ضروری، کانگریس جنرل سکریٹری کا بیان
حیدرآباد /13 اکتوبر (سیاست نیوز) آل انڈیا کانگریس کے جنرل سکریٹری و انچارج تلنگانہ۔ آندھرا پردیش کانگریس امور ڈگ وجے سنگھ نے آندھرا پردیش کو خصوصی ریاست کا موقف دینے کے لئے جگن موہن ریڈی کی جانب سے شروع کی گئی بھوک ہڑتال کی تائید کی ہے۔ دہلی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ جگن موہن ریڈی سے سیاسی اختلاف ہونے کے باوجود کانگریس پارٹی آندھرا پردیش کو خصوصی ریاست کا درجہ حاصل کرنے کے لئے جگن کے احتجاج کی تائید کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ خصوصی ریاست کا موقف آندھرا پردیش کا حق ہے، لہذا تمام قائدین کو جماعتی وابستگی سے بالاتر ہوکر متحدہ جدوجہد کرنا چاہئے۔ انھوں نے کہا کہ آندھرا پردیش سے لوک سبھا میں کانگریس کی کوئی نمائندگی نہیں ہے، اس کے باوجود کانگریس پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں آندھرا پردیش کو خصوصی درجہ دینے کا مطالبہ کرے گی۔ انھوں نے جگن کو اپنی زندگی خطرہ میں نہ ڈالنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ عمل نہ ہونے والے وعدے کرنے میں چیف منسٹر آندھرا پردیش ماہر ہیں۔ تلگودیشم کے انتخابی منشور میں کئے گئے وعدوں میں سے اب تک ایک پر بھی عمل آوری نہیں ہوئی۔ انھوں نے چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کا زرعی شعبہ بحران کا شکار ہے اور حکومت کی جانب سے طمانیت نہ ملنے کے سبب کسان خودکشی کر رہے ہیں، جب کہ ٹی آر ایس حکومت صرف تماشہ دیکھ رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں کانگریس پارٹی کسانوں کا ساتھ دے گی، جب کہ چیف منسٹر کے سی آر ریاست کی ترقی اور غریب عوام کی فلاح و بہبود کی بجائے اپنے خاندانی مفاد کو  ترجیح دے رہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT