Monday , September 25 2017
Home / شہر کی خبریں / جگن موہن کی خودکشی پر بھی آندھرا پردیش کو خصوصی موقف حاصل نہیں ہوگا

جگن موہن کی خودکشی پر بھی آندھرا پردیش کو خصوصی موقف حاصل نہیں ہوگا

قائد اپوزیشن آسمان پر اُڑ رہے ہیں، تلگودیشم ایم پی جے سی دیواکر ریڈی کا سنسنی خیز ریمارک
حیدرآباد /9 ستمبر (سیاست نیوز) تلگودیشم کے رکن پارلیمنٹ جے سی دیواکر ریڈی نے ایک بار پھر سنسنی خیز ریمارک کرتے ہوئے کہا کہ اگر جگن موہن ریڈی خود پر پٹرول چھڑک کر آگ لگاتے ہوئے خودکشی بھی کرلیں تو آندھرا پردیش کو خصوصی ریاست کا موقف حاصل نہیں ہوگا، جب کہ انھوں نے ماضی میں صدر وائی ایس آر کانگریس و قائد اپوزیشن جگن موہن کو اپنے بیٹے کے برابر قرار دیتے ہوئے ان کی ترقی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرکے تلگودیشم کو حیرت زدہ کردیا تھا۔ واضح رہے کہ جگن موہن ریڈی نے آندھرا پردیش کو خصوصی ریاست کا درجہ دلانے کے لئے غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال شروع کرنے مرکز کی این ڈی اے اور آندھرا پردیش کی تلگودیشم حکومت کو انتباہ دیا ہے، جس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے جے سی دیواکر ریڈی نے یہ سنسنی خیز ریمارک کیا۔ ابتدا ہی سے آندھرا پردیش کو خصوصی ریاست کا درجہ نہ ملنے کا ادعا کرنے والے دیواکر ریڈی نے کہا کہ جن کے پیر زمین پر رہتے ہیں، انھیں سمجھایا جاسکتا ہے، لیکن جگن آسمان پر اڑ رہے ہیں، لہذا انھیں سمجھانا ممکن نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ آندھرا پردیش کو ہرگز خصوصی ریاست کا درجہ حاصل نہیں ہوگا۔ چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو ریاست کی ترقی کے لئے بڑے پیمانے پر اقدامات کر رہے ہیں، مرکزی حکومت بھلے ہی آندھرا پردیش کو خصوصی ریاست کا درجہ نہیں دے رہی ہے، لیکن خصوصی پیکیج دینے کے اقدامات ضرور کر رہی ہے، جو ریاست کی ترقی کے لئے معاون ثابت ہوگا۔ انھوں نے کانگریس کی جانب سے خصوصی ریاست کا درجہ دینے کا وعدہ کرتے ہوئے عوام کو دھوکہ دینے پر وزیر اعظم نریندر مودی، این چندرا بابو نائیڈو اور مرکزی وزیر ایم وینکیا نائیڈو کے خلاف آندھرا پردیش کے پولیس اسٹیشن میں درج کئے جانے والے مقدمات کو مضحکہ خیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ بستر مرگ اور آکسیجن پر رہنے والی کانگریس کے سیاسی تماشہ سے عوام اچھی طرح واقف ہیں۔

TOPPOPULARRECENT