Tuesday , October 17 2017
Home / ہندوستان / جھابوا دھماکے : ڈیٹونیٹرس، جلیٹن اسٹکس کی بھاری مقدار ضبط

جھابوا دھماکے : ڈیٹونیٹرس، جلیٹن اسٹکس کی بھاری مقدار ضبط

جھابوا ۔ 14 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) قبائیلی ضلع جھابوا کے پیٹلہ واڑ ٹاؤن میں دو دن قبل دھماکہ اور 89 افراد کی ہلاکت کے بعد پولیس نے یہاں 69 ڈیٹونیٹرس اور بھاری مقدار میں جلیٹن اسٹکس برآمد کئے ہیں۔ اس واقعہ کے کلیدی ملزم کے بھائی کی رائش گاہ سے یہ دھماکو مادے برآمد ہوئے۔ کلیدی ملزم راجندر کسوا ہنوز فرار ہے۔ اسسٹنٹ سب انسپکٹر ویریندر سنگھ بائس نے بتایا کہ نریندر کسوا کے مکان واقع مہاویر کالونی سے 69 ڈیٹونیٹرس اور دو بیاٹریز برآمد کئے۔ انہوں نے کہا کہ جلیٹن اسٹکس بھی برآمد ہوئے تاہم اس کی مقدار نہیں بتائی۔ انہوں نے کہا کہ کئی افراد کی جانب سے غیرقانونی طور پر جلیٹن اسٹکس کا ذخیرہ رکھنے کی اطلاعات کے بعد بڑے پیمانے پر تلاشی مہم شروع کی گئی۔ بتایا جاتا ہیکہ تعمیراتی کاموں کے دوران چٹانوں کو توڑنے اور کانکنی کی غرض سے یہ دھماکو مادہ جمع رکھا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر شیوراج سنگھ چوہان نے راجندر کسوا کی گرفتاری میں مدد یا اطلاع فراہم کرنے والوں کیلئے ایک لاکھ روپئے نقد انعام کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ راجندر کسوا اور اس کے انتظامیہ کی پوری طرح جانچ کی جارہی ہے جس نے پرہجوم رہائشی علاقہ میں دھماکو مادوں کے ذخیرہ کی اجازت دی تھی۔ اس دوران چیف منسٹر چوہان جنہوں نے کل دھماکہ کے مقام کا دورہ کیا تھا، آج گھر گھر پہنچ کر متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی۔ ریاستی حکومت نے کل اس دھماکہ میں ہلاک ہونے والوں کے ورثاء کو فی کس 5 لاکھ روپئے ایکس گریشیاء کا اعلان کیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT