Wednesday , August 23 2017
Home / Top Stories / ’’جھوٹ بولنا بند کردیں‘‘ راہول گاندھی کا مودی کو مشورہ

’’جھوٹ بولنا بند کردیں‘‘ راہول گاندھی کا مودی کو مشورہ

عظیم سیکولر اتحاد بہار کا حلیہ تبدیل کردیگا ، راہول گاندھی کا موتی ہاری میں انتخابی جلسہ سے خطاب
موتی ہاری ۔ 26 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کو ریاستوں سے جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا عہد کرتے ہوئے نائب صدر کانگریس راہول گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی پر شدید تنقید کرتے ہوئے انہیں مشورہ دیا کہ وہ ’’جھوٹ بولنا ترک کردیں‘‘ اور جے ڈی یو اور آر جے ڈی کی حکومت میں بیروزگار نوجوانوں کی ریاست سے ہجرت کے بارے میں اپنی لفاظی ترک کردیں۔ انہوں نے کہا کہ عظیم سیکولر اتحاد کی بہار میں انتخابی کامیابی کے بعد دیگر تمام ریاستوں سے بھی بی جے پی کا صفایہ کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مودی جی آتے ہیں، بلند آہنگ تقریریں کرتے ہیں۔ آپ ان سے پوچھئے کہ مہاراشٹرا میں بی جے پی کی حکومت نے بہاریوں کے ساتھ کیا سلوک کیا ہے۔ آپ ان سے پوچھئے کہ جب بہاریوں کو زدوکوب کیا جارہا تھا اور انہیں مہاراشٹرا سے بھگایا جارہا تھا، اس وقت وہ کیا کررہے تھے۔ ایک دن قبل وزیراعظم نریندر مودی نے بہار سے نوجوانوں کے نقل مقام کا مسئلہ اٹھایا تھا جو روزگار کی تلاش میں دیگر ریاستوں کو منتقل ہورہے ہیں۔ عظیم اتحاد کے بہاری بمقابلہ باہری کے نعرے کا توڑ کرتے ہوئے وزیراعظم نے یہ بات کہی تھی۔ ان کے تبصرہ طنز بھرے تھے۔ مودی نے نتیش کمار اور لالو پرساد سے سوال کیا تھا کہ بہار کے ایک نوجوان روزگار کی تلاش میں ریاست سے باہر کیوں جارہے ہیں۔ مودی نے تیقنات دیئے تھے جن میں 6 نکاتی پروگرام براہ ترقی بہار بھی شامل تھا۔ اسے مسترد کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ صرف بہار کے عوام ہی نہیں بلکہ پورے ملک میں مودی کی جھوٹی باتوں کو ہر شخص سمجھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی جی آپ کے جھوٹ کو عوام سمجھتے ہیں۔ اس لئے جھوٹ بولنا ترک کردیجئے اور کام کرنا شروع کردیجئے۔ انہوں نے کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ آر ایس ایس میں انہیں (مودی کو) تربیت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ کو آر ایس ایس دی ہوئی یہی تربیت ہے لیکن آپ وزیراعظم ہیں اس لئے ملک کا کام کریں اور جھوٹ بولنا ترک کردیں۔ نائب صدر کانگریس نے نوجوانوں کو تیقن دیا کہ نتیش کمار زیرقیادت عظیم اتحاد کی حکومت بہار کا حلیہ تبدیل کرکے رکھ دے گی۔ انہوں نے پرزور انداز میں کہا کہ کانگریس ملک پر حکومت کرچکی ہے اور جانتی ہیکہ حکمرانی کیا چیز ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بی جے پی اور آر ایس ایس کو بہار میں روک دیں گے اور بہار کے بعد ایک کے بعد ایک تمام ریاستوں میں بی جے پی کی بیخ کنی کی جائے گی۔ کانگریس جانتی ہیکہ حکومت کیسے چلائی جاتی ہے۔ اس لئے عظیم اتحاد کے ہاتھ مضبوط کریں ۔ اگر نتیش جی چیف منسٹر بن جائیں تو وہ عوام کو غربت کے دلدل سے باہر نکال پھینکیں گے۔ گذشتہ 10 سال میں وہ کثیر تعداد میں عوام کو غربت سے بچا چکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تین سیاسی پارٹیوں کا یہ اتحاد ریاست کا حلیہ تبدیل کردے گا۔

TOPPOPULARRECENT