Friday , August 18 2017
Home / ہندوستان / جھڑپ میں حزب المجاہدین کے 3 جنگجو ہلاک

جھڑپ میں حزب المجاہدین کے 3 جنگجو ہلاک

جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں ہڑتال و  مظاہرے ۔ ریل سرویس معطل
سرینگر ، 7 مئی (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں ہفتہ کی علی الصبح جنگجوؤں اور سکیورٹی فورسز کے مابین شدید جھڑپ میں حزب المجاہدین سے وابستہ تین جنگجوؤں کو ہلاک کردیا گیا۔  جنگجوؤں کی ہلاکت کی خبر پھیلتے ہی سینکڑوں کی تعداد میں لوگ سکیورٹی فورسز کے خلاف اور کشمیر کی آزادی کے حق میں نعرے بازی کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے جنہیں منتشر کرنے کیلئے سیکورٹی فورسز نے لاٹھی چارج کیا اور آنسو گیس کے گولے داغے ۔ جھڑپ کے مقام پر گرینیڈ پھٹنے سے ایک کمسن لڑکا زخمی ہوگیا ہے ۔ جنگجوؤں کی ہلاکت کے خلاف ضلع پلوامہ میں مکمل ہڑتال کی گئی۔ اس دوران مظاہرین کی جانب سے ریلوے املاک کو نقصان پہنچانے کے خدشے کے پیش نظر ریلوے انتظامیہ نے آج گرمائی دارالحکومت سرینگر اور جموں خطہ کے بانہال کے درمیان ریل سرویس کو معطل رکھا۔ وزارت دفاع کے ترجمان کرنل این این جوشی نے نیوز ایجنسی ’یو این آئی‘ کو جھڑپ کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ پلوامہ کے پنزگام گاؤں میں جنگجوؤں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر سکیورٹی فورسز اور اسٹیٹ پولیس نے کل رات دیر گئے اس گاؤں میں مشترکہ آپریشن شروع کیا۔ تاہم جب سکیورٹی فورسز گاؤں کا محاصرہ کر رہے تھے تو وہاں موجود جنگجوؤں نے ان پر خودکار ہتھیاروں سے اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔ انہوں نے بتایا کہ فورسز نے جوابی فائرنگ کی اور رات بھر چلی جھڑپ میں تین جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا۔

TOPPOPULARRECENT