Wednesday , August 23 2017
Home / کھیل کی خبریں / جیمز اینڈرسن زخمی

جیمز اینڈرسن زخمی

ڈربن۔25 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن پنڈلی کے زخم کے سبب جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے پہلے ٹسٹ سے باہر ہوگئے۔ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے جیمز اینڈرسن کے زخمی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ چند دنوں میں فٹنس حاصل کرنے کے لئے کام کریں گے اور کیپ ٹاؤن میں 2 جنوری سے شروع ہونے والے اگلے ٹسٹ میچ سے پہلے واپسی کے لئے پر امید ہیں۔ جیمز اینڈرسن رواں ہفتے زخمی ہوئے ہیں اور ای سی بی کی میڈیکل ٹیم نے ان کے معائنے کئے  جس کے بعد انھیں پہلے میچ میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
فاسٹ بولر اسٹورٹ براڈ نے کہا ہے کہ جیمز اینڈرسن معمولی زخمی ہیں، انتظامیہ نے انھیں ٹیم میں منتخب نہیں کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور وہ اگلے میچ میں واپس آئیں گے۔ انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان4 ٹسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ ڈربن میں ہفتے سے شروع ہو گا۔ 33 سالہ جیمز اینڈرسن انگلینڈ کی ٹسٹ کرکٹ کی تاریخ کے کامیاب ترین بولر ہیں جنہوں نے110 ٹسٹ میچوں میں 426 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ انگلینڈ کو ایشز میں کامیابی کے بعد حال ہی میں پاکستان کے ہاتھوں 0-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

TOPPOPULARRECENT