Tuesday , August 22 2017
Home / ہندوستان / جیویلرس کی اکثریت ہڑتال سے دستبردار

جیویلرس کی اکثریت ہڑتال سے دستبردار

حکومت کی وعدہ خلافی پر دوبارہ احتجاج شروع کرنے کا انتباہ
نئی دہلی۔/12اپریل، ( سیاست ڈاٹ کام ) طلائی زیورات پر ایک فیصد اکسائیز ڈیوٹی کی تجویز کے خلاف گزشتہ 6ہفتوں سے جاری ہڑتال کے بعد جیویلرس اور بلین ٹریڈرس کی قابل لحاظ تعداد نے آج سے ملک بھر میں اپنا کاروبار شروع کردیا۔ قومی دارلحکومت اور ممبئی میں بعض جیویلری شاپس اور شورومس نے زیورات کی خرید و فروخت بحال کردی ہے جبکہ دیگر مقامات میں بند رکھے گئے۔ تاہم تاملناڈو اور آندھرا پردیش میں جیویلری شوروم کھول دیئے گئے۔ صدر راجستھان صرافہ سنگھ مسٹر سبھاش متل نے بتایا کہ حکومت نے یہ تیقن دیا ہے کہ اکسائیز ڈیوٹی کے طریقہ کار کو آسان بنادیا جائے گا جس کے بعد راجستھان میں جیویلرس اور بلین ٹریڈرس نے تجارتی سرگرمیاں بحال کردی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اگر مطالبات کی یکسوئی نہیں کی گئی تو ریاست میں دوبارہ ہڑتال شروع کی جائے گی۔صدرنشین آسیوچم نیشنل کونسل آف جیمس اینڈ جیویلری مسٹر شنکر سین نے بتایا کہ آئندہ چند دنوں میں جیویلرس اپنی ہڑتال ختم کردیں گے کیونکہ حکومت نے یہ تیقن دیا ہے کہ اشوک لہری کمیٹی احتجاجیوں کے تمام مطالبات کا جائزہ لے گی۔

 

دریں اثناء خالص سونا فی 10 گرام کی قیمت آج ممبئی میں 29,250 روپئے ، دہلی میں 25,150 روپئے ، کولکتہ میں 29,620 روئے اور چینائی میں 29,630 روپئے تھی۔ ممبئی سے موصولہ اطلاع کے بموجب مہاراشٹرا میں جیویلرس نے اپنی ہڑتال سے عارضی طور پر 14 اپریل تا 24 اپریل دستبرداری اختیار کرلی ہے ۔ مہاراشٹرا راجیہ صراف سورنکار فیڈریشن کے صدر فتح چندرنکا نے بتایا کہ جیویلرس کا ایک وفد نئی دہلی میں کل مرکزی وزیر بیوش گوئیل سے ملاقات کر کے جائز مطالبات بشمول اکسائز ڈیوٹی کی بجائے ویاٹ پر ایک فیصد اضافی ٹیکس کی ادائیگی ہر ایک ایٹم کی فروخت پر رجسٹر میں اندراج اور مستعملہ زیورات کی دوبارہ تیاری پر اضافی ٹیکس اور مینوفیکچرنگ اور رئیل یوینٹس کے انسپکشن سے گریز پر تبادلہ خیال کیا جائے گا ۔ جس کے پیش نظر جاریہ ہڑتال عارضی طور پر 14 تا 24 اپریل موخر کردی گئی ہے ۔ اگر مذکورہ مطالبات کی یکسوئی نہیں کی گئی تو جیویلرس دوبارہ ہڑتال شروع کردیں گے ۔ مہاراشٹرا میں یومیہ 250 کروڑ کی جیویلری فروخت کی جاتی ہے اور گڈی پڈوا ( مراہٹی سال نو ) کے موقع پر کاروبار میں دو گنا اضافہ ہوجاتا ہے ۔ واضح رہے کہ مرکزی بجٹ میں جیویلری پر ایک فیصد اکسائز ڈیوٹی کی تجویز کے اعلان کے بعد ملک بھر میں 2 مارچ سے ہڑتال کی جارہی ہے ۔۔
دہلی ایرپورٹ پر ایک کروڑ مالیتی سونا ضبط
نئی دہلی ۔ 12 ۔ اپریل : ( سیاست ڈاٹ کام ) : اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ پر آج ایک مسافر کو گرفتار کر کے ایک کروڑ روپئے مالیتی سونا ضبط کرلیا گیا ۔ دہلی پولیس کی اطلاع پر کسٹمس حکام نے دوبئی سے آمد پر ایک مسافر کو روک لیا ۔ تلاشی لینے پر 3.9 کلو وزنی 500 طلائی سکے برآمد کرلیے ۔ جس کی مالیت مارکٹ میں 99.17 کروڑ روپئے بتائی جاتی ہے ۔ یہ ملزم جو کہ انجینئر ہے ۔ گرفتار کر کے مزید پوچھ تاچھ کی جارہی ہے۔۔

TOPPOPULARRECENT