Monday , April 24 2017
Home / ہندوستان / جیہ للیتا کو چیف منسٹرس اور مرکزی وزراء کا خراج عقیدت

جیہ للیتا کو چیف منسٹرس اور مرکزی وزراء کا خراج عقیدت

چینائی۔/6ڈسمبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) ملک کی مختلف ریاستوں کے چیف منسٹرس نے آج چینائی پہنچ کر آنجہانی جیہ للیتا کو خراج عقیدت پیش کیا اور مقبول عام لیڈر کی حیثیت سے ان کی خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیا۔ مدھیہ پردیش کے چیف منسٹر شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ ریاست کی فلاح و بہبود کیلئے جیہ للیتا کی خدمات کے باعث انہیں ’ اماں ‘ کے مقام تک پہنچا دیا۔ انہوں نے خواتین کیلئے گرانقدر خدمات انجام دیں جس کی وجہ سے مائیں اور بیٹیاں انہیں ’ اماں‘ کہا کرتی تھیں۔ ان کی موت سے عوامی زندگی میں ناقابل تلافی خلاء پیدا ہوگیا ہے۔ شیو راج چوہان نے کہا کہ تاملناڈو عوام کیلئے جیہ للیتانے جن اسکیمات کا آغاز کیا ہے کئی ریاستوں نے اس کی تقلید کی ہے۔ چیف منسٹر دہلی ارویند کجریوال نے جیہ للیتا کو غریبوں کا مسیحا قرار دیا اور کہا کہ وہ ایک حساس اور جرأتمندلیڈر تھیں اور ان کے دل کی دھڑکنیں غریب عوام کیلئے دھڑکتی تھیں۔ ہندوستان کے سیاسی نظام میں ان کا کوئی ثانی نہیں ہوسکتا ۔ دہلی کے عوام بھی جیہ للیتا کی موت پر سوگوار ہیں۔ چیف منسٹر اڈیشہ نوین پٹنائیک نے ایک تعزیتی پیام میں کہا کہ جیہ للیتا نے تاملناڈو عوام کی ترقی اور بہبود کیلئے غیر معمولی خدمات انجام دیں اور ان کی موت پر مجھے دلی صدمہ پہنچا ہے۔ چیف منسٹر کرناٹک سدارامیا نے 67 سالہ لیڈر کو خراج عقیدت پیش کیا جو کہ 75یوم تک زندگی اور موت کی کشمکش کے بعد کل شب گذر گئیں۔ سینئر بی جے پی لیڈر اور مرکزی وزیر شہری ترقیات ایم وینکیا نائیڈو نے کہا کہ جیہ للیتا کی موت سے تاملناڈو کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے وہ تامل عوام کے دلوں میں رہتی تھیں یہی وجہ ہے کہ لوگ انہیں ’ اماں ‘ کہتے تھے۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ جیہ للیتا کی موت سے سارا ملک سوگوار ہے اور پوری قوم کا یہ ایقان ہے کہ وہ ایک فعال، بہادر اور آہنی خاتون تھیں اور انتظامی صلاحیتوں سے انمٹ نقوش چھوڑے ہیں۔ وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ جیہ للیتا کمزور طبقات کی طاقتور آواز تھیں جنہوں نے غریبوں اور ضرورتمندوں کیلئے اپنی زندگی وقف کردی تھیں۔ ایک اور مرکزی وزیر و سابق صدر بی جے پی نیتن گڈکری نے بھی چیف منسٹر تاملناڈو جیہ للیتا کی موت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

 

جیہ للیتا کو راہول گاندھی کا خراج
چینائی 6 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ٹاملناڈو کی چیف منسٹر آنجہانی جیہ للیتا کو کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے آج خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہاکہ وہ نہ صرف ٹاملناڈو بلکہ سارے ملک کی ایک عظیم رہنما تھیں۔ راہول نے جیہ للیتا کے جسد خاکی کو راجہ جی ہال سے ایم جی آر میموریل ہال کو منتقلی سے چند منٹ قبل پھول چڑھایا اور کہاکہ ’’میں ٹاملناڈو کے عوام سے تعزیت کا اظہار کرنا چاہتا ہوں۔ جیہ للیتا جی نہ صرف ٹاملناڈو بلکہ سارے ملک کی ایک عظیم رہنما تھیں‘‘۔ راہول نے مزید کہاکہ ’’میں کانگریس پارٹی، کانگریس کی صدر سونیا گاندھی اور کانگریس کے ہر ایک رکن کی طرف سے اس عظیم خاتون اور ٹاملناڈو کی اس عظیم لیڈر کو خراج عقیدت ادا کرتا ہوں‘‘۔ اس موقع پر کانگریس کے سینئر قائدین غلام نبی آزاد ، مکل واسنک اور ٹاملناڈو پردیش کمیٹی کے صدر سوتھر ونوا کراسو نے بھی جیہ للیتا کو خراج عقیدت ادا کیا۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT