Thursday , October 19 2017
Home / ہندوستان / جی ایس ٹی ریفنڈ کسٹمز والے بینک کھاتے میں ہی ہوگا

جی ایس ٹی ریفنڈ کسٹمز والے بینک کھاتے میں ہی ہوگا

نئی دہلی 13 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے برآمد کنندگان کو جی ایس ٹی ریفنڈ (واپسی) اُن بینک کھاتوں میں منتقل کردینے کا فیصلہ کیا ہے جو اُنھوں نے کسٹمز ڈپارٹمنٹ کے پاس درج کرائے ہوں گے اور اُن کھاتوں میں یہ رقم نہیں ڈالی جائے گی جن کا اُنھوں نے جی ایس ٹی رجسٹریشن فارمس میں ذکر کیا ہے۔ سنٹرل بورڈ آف اکسائز اینڈ کسٹمز (سی بی ای سی) نے کہاکہ اِس نے اکسپورٹرس سے کہا ہے کہ اپنے بینک کھاتے کی تفصیلات کو جو انھوں نے کسٹمز کے پاس جمع کرائے ہیں، جی ایس ٹی سسٹم کے ساتھ ہم آہنگ کرلیں۔ جی ایس ٹی قواعد کے تحت رقمی واپسی رجسٹریشن کی تفصیلات میں دیئے گئے بینک اکاؤنٹ میں جمع کرانا ہوتا ہے۔ علاوہ ازیں برآمد کنندگان اپنے بینک کھاتوں کی تفصیلات کا اعلان دیگر مقاصد کے لئے بھی کرتے رہے ہیں۔ اِس لئے ریفنڈ کو کسی دیگر بینک اکاؤنٹ میں منتقل نہیں کیا جائے گا۔ سی بی ای سی نے کہاکہ ایسا امکان پایا جاتا ہے کہ کسٹمز ڈپارٹمنٹ کے پاس دستیاب بینک کھاتے کی تفصیلات جی ایس ٹی رجسٹریشن فارم میں معلنہ تفصیلات سے میل نہیں کھاتی ہیں۔ چنانچہ کسی رکاوٹ کے بغیر پروسیسنگ اور آئی جی ایس ٹی جو برآمد کنندہ اشیاء پر ادا کیا جاتا ہے، اُس کے ریفنڈ کی ادائیگی کے لئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ اِس رقم کو کسٹمز کے پاس درج رجسٹر اکسپورٹر کے بینک اکاؤنٹ میں ہی منتقل کیا جائے گا چاہے درخواست گذار کا بینک کھاتا اُس کے رجسٹریشن کی تفصیلات میں متذکرہ بینک اکاؤنٹ سے مختلف کیوں نہ ہو۔ بورڈ نے اکسپورٹرس سے کہا ہے کہ یا تو وہ کسٹمز کے پاس درج بینک اکاؤنٹ تبدیل کرلیں تاکہ اپنے جی ایس ٹی رجسٹریشن تفصیلات سے ہم آہنگ ہوجائیں یا پھر اپنے جی ایس ٹی رجسٹریشن کے مطابق کوئی اکاؤنٹ کا اضافہ کرلیں۔

TOPPOPULARRECENT