Friday , September 22 2017
Home / ہندوستان / جی ایس ٹی سب کیلئے فائدہ مند : وزیر فینانس جیٹلی

جی ایس ٹی سب کیلئے فائدہ مند : وزیر فینانس جیٹلی

یکم جولائی سے اشیاء کی قیمتوں میں 4 تا 8 فیصد کمی ہوجانے کا دعویٰ

نئی دہلی ، 19 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) وزیر فینانس ارون جیٹلی نے آج گڈز اینڈ سرویسز ٹیکس (GST) کو ہر کسی کیلئے نفع بخش معاملہ قرار دیا کیونکہ یہ ٹیکس جال کو وسعت دے گا، انسپکٹر راج ختم کرے گا اور اشیاء کی قیمتوں میں کمی لائے گا۔ بی جے پی پارلیمنٹری پارٹی کی میٹنگ میں جہاں وزیراعظم نریندر مودی، سینئر قائدین اور پارٹی ایم پیز شریک ہوئے، جی ایس ٹی کو ملک کیلئے فائدہ بخش اقدام قرار دیتے ہوئے جیٹلی نے کہا کہ یکم جولائی کو اسے لاگو کرنے کے بعد سے اشیاء کی قیمتوں میں چار تا آٹھ فیصد کمی آگئی ہے۔ وزیر پارلیمانی امور اننت کمار نے اس میٹنگ کے تعلق سے اخباری نمائندوں کو واقف کرایا، جہاں وزیر امور خارجہ سشما سوراج نے بھی پارلیمنٹیرینس کو مودی کے حالیہ بیرونی دوروں بالخصوص امریکہ اور اسرائیل کے بارے میں معلومات بہم پہنچائیں۔ جیٹلی نے کہا کہ جی ایس ٹی عوام اور ریاستوں کے مفاد میں ہے اور اس کے ساتھ ساتھ آخرالذکر کو 80 فیصد آمدنی ملے گی جو زیادہ ترقی کا موجب ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ ٹیکس پر ٹیکس اب نہیں رہا اور ملک بھر میں اشیاء کی منتقلی اب بلارکاوٹ چل رہی ہے۔ اننت کمار نے جیٹلی کے حوالے سے کہا کہ زائد از ایک کروڑ فرمس نئے ٹیکس سسٹم کو اختیار کرلیں گی جس کے برخلاف سابق میں تقریباً 80 لاکھ کمپنیاں ہی جڑی تھیں۔ وزیر فینانس نے کہا کہ ٹیکس جال پھیل چکا ہے۔ ملک کی مارکیٹ مربوط ہوگئی ہے۔ انسپکٹر راج ختم ہوچکا۔ عوام پر ٹیکس بوجھ کم ہوچکا ہے۔ یہ تو سب کیلئے سازگار معاملہ ہے۔

TOPPOPULARRECENT