Tuesday , August 22 2017
Home / ہندوستان / جی ایس ٹی ٹیکس ریٹرنس کے ادخال کی نئی تواریخ

جی ایس ٹی ٹیکس ریٹرنس کے ادخال کی نئی تواریخ

نئی دہلی ، 9 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے گڈس اینڈ سرویسیس ٹیکس (جی ایس ٹی) سسٹم کے تحت جولائی اور اگسٹ کے ضمن میں قطعی ٹیکس ریٹرنس پیش کرنے کیلئے مہلت کا اعلان کیا ہے۔ جی ایس ٹی کونسل جس کی صدارت وزیر فینانس ارون جیٹلی کرتے ہیں اور جس میں ریاستی ہم منصب وزراء شامل ہیں، اس نے جون میں بزنس والوں کو اجازت دی تھی کہ جولائی اور اگسٹ کے قطعی جی ایس ٹی ریٹرنس کو توسیعی مدت کے مطابق متعلقہ فارم جیسے GSTR-1، GSTR-2 اور GSTR-3 داخل کریں۔ عبوری مدت میں کاروبار والوں کو GSTR-3B داخل کرنا ہوگا جو واجب الادا ٹیکس کے ازخود تخمینہ کا خلاصہ ہوتا ہے جس میں بیرونی سپلائی اور مندرجہ کریڈٹ کی تفصیلات ہوں۔ سنٹرل بورڈ آف اکسائز اینڈ کسٹمز کے اعلامیہ کے مطابق فارم GSTR-1 برائے ماہ جولائی میں بیرونی سپلائی کی تفصیل یکم تا 5 سپٹمبر کے درمیان داخل کرنا ہوگا۔ اگسٹ کیلئے یہ تواریخ 16 تا 20 سپٹمبر کے درمیان ہوں گی۔ GSTR-1 کے ادخال کی تاریخ 10 سپٹمبر مقرر کی گئی تھی۔ GSTR-2 فارم برائے جولائی میں وصول ہونے والی سپلائی کی تفصیلات 6 تا 10 سپٹمبر داخل کرنی ہوں گی۔ اگست کے لیے یہی تواریخ 21 تا 25 سپٹمبر مقرر کی گئی ہے۔ اس فارم کے لیے قبل ازیں 15 سپٹمبر کی تاریخ رکھی گئی تھی۔ GSTR-3 فارم برائے جولائی کو اب 11 اور 15 سپٹمبر کے درمیان داخل کرنا ہوگا اور اگست والا فارم 26 تا 30 سپٹمبر کے درمیان داخل کرنا ہوگا۔

TOPPOPULARRECENT