Monday , October 23 2017
Home / شہر کی خبریں / جی ایس ٹی کونسل اجلاس میں اہم رول پر وزیرفینانس ایٹالہ راجندر کو چیف منسٹر کی مبارکباد

جی ایس ٹی کونسل اجلاس میں اہم رول پر وزیرفینانس ایٹالہ راجندر کو چیف منسٹر کی مبارکباد

حیدرآباد ۔7 اکٹوبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے ریاست کے سخت موقف کو جی ایس ٹی کونسل کے اجلاس میں پیش کرتے ہوئے مشن بھاگیرتا اور آبپاشی پراجکٹس کے ٹیکس کو 5 فیصد تک گھٹانے میں اہم رول ادا کرنے والے ریاستی وزیرفینانس ایٹالہ راجندر کو مبارکباد پیش کی۔ واضح رہیکہ ابھی تک منعقدہ 22 کے منجملہ 20 جی ایس ٹی کونسل کے اجلاس میں ایٹالہ راجندر نے شرکت کی اور ہر اجلاس میں تلنگانہ کے مفادات کا تحفظ کرنے کے معاملے میں سخت موقف پیش کیا۔ حکومت اور عوام پر عائد ہونے والے بوجھ کو کونسل کے اجلاس میں پیش کرنے کے معاملے میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔ حکومت کے ترقیاتی کاموں پر ٹیکس عائد کرنے پر اعتراض کرتے ہوئے استدلال پیش کیا کہ ایک حکومت دوسری حکومت پر کیسے ٹیکس عائد کرے گی۔مشن بھاگیرتا، آبپاشی پراجکٹس اور ڈبل بیڈروم مکانات پر 18 فیصد ٹیکس عائد کرنے کی سخت مخالفت کی تھی۔ چیف منسٹر کی ہدایت پر ٹیکس میں کمی تک ہر اجلاس میں ان مسائل کو اٹھاتے ہوئے مرکزی وزیرفینانس ارون جیٹلی پر دباؤ بنایا تھا، جس کے بعد مرکزی حکومت نے ان پراجکٹس پر عائد ہونے والے ٹیکس کو 18 فیصد سے گھٹا کر 5 فیصد کردیا۔ جی ایس ٹی کونسل کے فیصلے کو ایٹالہ راجندر نے تلنگانہ حکومت کی بڑی کامیابی قرار دیا اور آج چیف منسٹر کے سی آر سے ملاقات کرتے ہوئے جی ایس ٹی کونسل کے فیصلے سے واقف کرایا جس پر کے سی آر نے وزیرفینانس کو مبارکباد پیش کی۔ وزیرفینانس نے چیف منسٹر کو بتایا کہ وہ زرعی پیداوار اور غریب عوام کو استعمال کرنے والی اشیاء پر ٹیکس میں کمی کرنے کی بھی اپیل کرچکے ہیں۔ تلنگانہ ریاست کے کئی وزراء نے ایٹالہ راجندر کی کامیاب نمائندگی پر انہیں مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وزیرفینانس نے غریب عوام کی آواز کو کونسل میں پیش کرتے ہوئے بہت بڑا کارنامہ انجام دیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT