Friday , July 21 2017
Home / شہر کی خبریں / جی ایس ٹی کے باعث ادویات کی قلت کا اندیشہ

جی ایس ٹی کے باعث ادویات کی قلت کا اندیشہ

میڈیکل ہالس مالکین کا ذخیرہ کرنے سے گریز ، دوہرے محصولات سے بچنے کی کوشش
حیدرآباد۔2مئی (سیاست نیوز) جاریہ ماہ کے دوران شہر کی میڈیکل ہال میں ادویات کی قلت پیدا ہو سکتی ہے ! جی ہاں مرکزی حکومت کی جانب سے جی ایس ٹی کے نفاذ کے فیصلہ کے بعد ملک بھر میں میڈیکل ہال چلانے والوں نے دوہرے محصولات سے بچنے کیلئے زیادہ ادویات اسٹاک نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور مئی تا جولائی کی خریدی میں بیشتر میڈیکل ہالس نے ایک ہفتہ سے زیادہ کا اسٹاک نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ جی ایس ٹی کے نفاذ کے بعد انہیں دوہرے ٹیکس کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ بتایا جاتا ہے کہ ادویات سازی کمپنیاں بھی ان امور کا جائزہ لیتے ہوئے حالات کے مطابق ادویات سازی کا کام انجام دے رہی ہیں اوران حالات میں میڈیکل ہال مالکین نے جو اب تک ایک تا دو ماہ کی ادویات کا اسٹاک اپنے پاس رکھا کرتے تھے وہ اب صرف ایک ہفتہ کا اسٹاک کر رہے ہیں ۔ اس سلسلہ میں آل انڈیا میڈیکل شاپ اوونرس کی تنظیم کے ذمہ داروں کا کہنا ہے کہ مریضوں کو دواؤں کی خریدی میں کوئی قلت کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا بلکہ میڈیکل شاپ صرف اپنی خردی میں تخفیف لائے ہیں جس کی بنیادی وجہ جی ایس ٹی کے بعد کی صورتحال سے استفادہ حاصل کرنا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ سوشل میڈیا میں میڈیکل شاپس پر ادویات کی قلت کے سلسلہ میں چلائے جانے والے پیغامات کے بعد لازمی ادویات استعمال کرنے والوں میں تشویش کی لہر پیدا ہو گئی ہے اور وہ ادویات اکٹھا کرنے کی کوشش کرنے لگے ہیں جبکہ ادویات سازی یا اسٹاک میں کوئی قلت نہیں ہے لیکن صرف جی ایس ٹی کے نفاذ کے بعد دوہرے ٹیکس سے بچنے کے لئے میڈیکل شاپس کی جانب سے 2ماہ یا 1 ماہ کا اسٹاک کرنے کے بجائے ایک یا دو ہفتہ کا اسٹاک خریدا جا رہا ہے۔ میڈیکل ہالس اوونرس اسوسیشن کے ذمہ داروں کا کہنا ہے کہ اس صورتحال سے بازار میں ادویات کی قلت ضرور پیدا ہوگی لیکن مریضوں تک ادویات پہنچنے میں کوئی مشکل نہیں ہوگی ۔ میڈیکل شاپ اوونرس کا استدلال ہے کہ وہ انہیں ہونے والے نقصانات سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کر رہے ہیں جس کا گاہکوں یا مریضوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا بلکہ جہاں تک ممکن ہو سکے تمام مریضوں کو ادویات کی فراہمی کو ممکن بنانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔جنوبی ہند کے انگریزی اخبارات میں میڈیکل شاپس کی جانب سے ادوایات کے اسٹاک میں تخفیف کی خبروں کی اشاعت کے بعد سے سوشل میڈیا پر اس سلسلہ میں پیغامات کا سلسلہ شروع ہوگیا جس کے سبب عوام میں تشویش پیدا ہونے لگی ہے ۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT