Wednesday , May 24 2017
Home / Top Stories / جی ایس ٹی کے نفاذ سے مواصلات ، موبائیل فون ، بینکنگ ، بزنس کلاس فضائی سفر مہنگے

جی ایس ٹی کے نفاذ سے مواصلات ، موبائیل فون ، بینکنگ ، بزنس کلاس فضائی سفر مہنگے

تعلیم ، حفظان صحت ، میٹرو لوکل ٹرین اور حج کے بشمول مذہبی سفر کو استثنیٰ ، اکانومی کلاس فضائی سفر اور اولا اور اوبیر سفر سستے
سرینگر 19 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) مجوزہ جی ایس ٹی نظام سے تعلیم اور نگہداشت صحت کے شعبوں کو استثنی حاصل رہے گا ۔ جی ایس ٹی کے تحت ٹرانسپورٹ شعبہ میں چار پرتی ٹیکس نظام رہے گا جبکہ اکانومی کلاس کے فضائی سفر پر پانچ فیصد ٹیکس عائد کیا جائیگا ۔ جی ایس ٹی کونسل نے ٹیلیکام ‘ انشورنس ‘ ہوٹلس اور ریسٹورنٹس کیلئے ٹیکس کی چار شرحوں کا تعین کیا ہے جو پانچ فیصد ‘ 12 فیصد ‘18 فیصد اور 28 فیصد طئے پائے ہیں۔ خدمات کے شعبہ جات میں ان شرحوں کے تعین کے بعد تقریبا تمام اشیا پر ٹیکس کی شرحوں کا تعین ہوگیا ہے ۔ صرف سونے کے بشمول چند اشیا ایسی ہیں جن کے تعلق سے ابھی ٹیکس کا تعین نہیں کیا جاسکا ہے ۔ مرکزی حکومت یکم جولائی سے جی ایس ٹی پر عمل آوری کا آغاز کرنا چاہتی ہے ۔ جی ایس ٹی کونسل کے دور وزہ اجلاس کے بعد وزیر فینانس ارون جیٹلی نے کہا کہ ٹیلیکام اور معاشی خدمات پر 18 فیصد کے معیار سے ٹیکس عائد کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ خدمات پر پانچ فیصد ٹیکس عائد کیا جائیگا ۔ یہ شرح کیب خدمات جیسے اولا اور اوبیر پر عائد نہیں ہونگی ۔ ان پر پہلے ہی سے 6 فیصد ٹیکس عائد کیا جا رہا ہے ۔ ٹرین میں نان ۔ اے سی سفر کو پانچ فیصد ٹیکس سے استثنی رہے گا جبکہ اے سی کے سفر پر پانچ فیصد ٹیکس عائد ہوگا ۔ میٹرو ‘ لوکل ٹرین ‘ مذہبی سفر بشمول سفر حج کو بھی جی ایس ٹی سے استثنی دیا گیا ہے ۔ سکریٹری محکمہ مال ہس مکھ آدھیا نے یہ بات بتائی ۔ اکانومی کلاس فضائی سفر پر پانچ فیصد ٹیکس عائد ہوگا جبکہ بزنس کلاس پر 12 فیصد ٹیکس عائد کیا جائیگا ۔ مسٹر ارون جیٹلی نے کہا کہ نان اے سی ریسٹورنٹس پر 12 فیصد جی ایس ٹی غذائی بل پر عائد کیا جائیگا ۔ اے سی ریسٹورنٹس اور جن ہوٹلوں میں شراب فروخت کی جاتی ہے وہاں 18 فیصد جی ایس ٹی عائد کیا جائیگا جبکہ فائیو اسٹار ہوٹلس پر 28 فیصد جی ایس ٹی عائد کیا جائیگا ۔ انہوں نے بتایا کہ 50 لاکھ یا اس سے کم کا جن ہوٹلوں کا ٹرن ہوور ہے ان کو پانچ فیصد ٹیکس کے زمرہ میں رکھا گیا ہے ۔ وایٹ واشٹنگ جیسے کاموں کے کنٹراکٹس کو 12 فیصد جی ایس ٹی کے زمرہ میں رکھا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ انٹرٹینمنٹ ٹیکس کو جی ایس ٹی کے تحت سرویس ٹیکس میں ضم کردیا جائے گا اور دونوں کو ملا کر سنیما خدمات کے علاوہ گیمبلنگ یا ریس کورس میں بیٹنگ پر 28 فیصد ٹیکس عائد کیا جائیگا ۔ سنیما گھروں پر ٹیکس کی جو تجویز ہے وہ موجودہ 55 فیصد سے کم ہو کر 40 فیصد ہوجائیگی تاہم اس کے باوجود ٹکٹس کی قیمتوں میں کوئی کمی نہیں آسکتی کیونکہ ریاستوں کو یہ اختیار دیا گیا ہے کہ وہ ان پر مقامی چارجس عائد کرتے رہیں۔ جن ہوٹلس اور لاجس میں یومیہ 1,000 روپئے سے کم کی شرح عائد کی جاتی ہے انہیں جی ایس ٹی سے استثنی دیا جائیگا ۔ 1,000 سے 2,000 تک یومیہ چارج کرنے والی ہوٹلوں پر 12 فیصد ٹیکس عائد کیا جائیگا جبکہ 2,500 سے 5,000 تک کرایہ والی ہوٹلوں پر 18 فیصد ٹیکس عائد ہوگا ۔ 5,000 سے زائد شرح والی ہوٹلوں پر 28 فیصد ٹیکس عائد کیا جائیگا ۔ مسٹر جیٹلی نے کہا کہ کونسل کا آئندہ اجلاس 3 جون کو ہوگا جس میں سونے  اور دوسری قیمتی دھاتوں پر ٹیکس کی شرح کا تعین کیا جائیگا ۔ شعبہ صنعت کو من مانی قیمتیں بڑھانے پر مرکزی وزیر فینانس نے انتباہ دیا ۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT