Sunday , September 24 2017
Home / شہر کی خبریں / جی ایس ٹی ہر تجارتی ادارہ پر لازم، عدم عمل پر تجارت بند

جی ایس ٹی ہر تجارتی ادارہ پر لازم، عدم عمل پر تجارت بند

ٹیکس چوری کے امکانات موہوم، احتجاج پر مثبت نتائج غیر یقینی
حیدرآباد۔23جولائی (سیاست نیوز) حکومت ہند کی جانب سے نافذ کردہ جی ایس ٹی طریقہ کار کو اختیار کرنا ہر تجارتی ادارہ کیلئے لازمی ہوگا کیونکہ ایسا نہ کرنے کی صورت میں تجارت بند کرنے کی نوبت آسکتی ہے اور جی ایس ٹی کے تحت رجسٹریشن کروانے کے بعد ٹیکس چوری کے امکانات موہوم ہوجاتے ہیں اسی لئے گجرات اور راجستھان میں تجارتی برادری کی جانب سے جی ایس ٹی کے خلاف احتجاج میں شدت پیدا کی جا رہی ہے اور اس شدت میں بتدریج اضافہ ہونے لگا ہے اور وہ کسی صورت جی ایس ٹی کو قبول کرنے تیار نہیں ہیں۔ماہرین کے مطابق ملک میں جی ایس ٹی کا نفاذ تجارتی برادری کی جانب سے کی جانے والی ٹیکس چوری کو روکنے کیلئے کیا گیا ہے اور ٹیکس چوری کو روکنے میں یہ ٹیکس کافی سود مند ثابت ہوگا اور جب اس پر مؤثر عمل آوری شروع ہوگی تو جی ایس ٹی دائرہ میں جو تاجرین شامل نہیں ہیں ان کی تجارتیں بند ہونے لگیں گی اور انہیں تجارت کے مواقع حاصل نہیں ہوں گے۔ حکومت کی جانب سے صنعتی اداروں سے ریٹیل تاجرین تک سے وصول کئے جانے والے ٹیکس کی تفصیلات اکٹھا کئے جانے کے بعد یہ جی ایس ٹی پر مؤثر عمل آوری ممکن ہو پائے گی۔ صدرنشین جی ایس ٹی این نے بتایا کہ جی ایس ٹی اور انکم ٹیکس کے اعداد یہ بتائیں گے کہ آیا آمدنی اور تجارت میں یکسانیت ہے یا نہیں اسی طرح تجارتی اداروں کی جانب سے کی جانے والی فروخت اور صنعتی اداروں کی پیداوار کے متعلق بھی مکمل تفصیلات موصول ہوتی رہیں گی جس کے نتیجہ میں ٹیکس کی چوری کرنے والوں کی شناخت بہ آسانی ہو جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ مختلف کمپنیوں کی جانب سے جی ایس ٹی کی بہ آسانی ادائیگی کیلئے سافٹ وئیر تیار کئے جا رہے ہیں ۔ علاوہ ازیں مختلف ادارو ں نے جی ایس ٹی ریٹرنس داخل کرنے کی تربیت فراہم کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے اور مختصر مدتی کورس چلائے جانے لگے ہیں ۔تجارتی برادری اور صنعتکاروں کو اس بات کا اندازہ ہونے لگا ہے کہ جی ایس ٹی میں رجسٹرڈ کروائے بغیر کوئی چارہ نہیں ہے اور جی ایس میں رجسٹریشن کے بعد کئے جانے والے کاروبار پر عائد ہونے والے ٹیکس سے چھٹکارا حاصل نہیں کیا جاسکتا بلکہ جی ایس ٹی میں رجسٹریشن کے فوری بعد سے صورتحال تبدیل ہونا شروع ہو جائے گی اور ہر شئے پر عائد کئے جانے والے ٹیکس کو ادا کرنا لازمی ہوگا۔ گجرات اور راجستھان میں جی ایس ٹی کے خلاف جاری احتجاج کے متعلق کہا جا رہا ہے کہ اس کے مثبت نتائج برآمد ہونے کے امکانات موہوم ہیں ۔

TOPPOPULARRECENT