Friday , September 22 2017
Home / شہر کی خبریں / جی ایچ ایم سی انتخابات، آج کانگریس امیدواروں کا اعلان

جی ایچ ایم سی انتخابات، آج کانگریس امیدواروں کا اعلان

قائدین و کارکنوں میں جوش و خروش، صدر پی سی سی تلنگانہ اتم کمار ریڈی
حیدرآباد /14 جنوری (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے کہا کہ 15 جنوری کو جی ایچ ایم سی انتخابات میں مقابلہ کرنے والے پارٹی امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کردی جائے گی۔ آج گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ کانگریس قائدین میں جی ایچ ایم سی کے انتخابات میں مقابلہ کے لئے کافی جوش و خروش پایا جاتا ہے، پارٹی کی جانب سے نامزد کردہ انچارجس نے اپنی ذمہ داری بخوبی نبھائی ہے۔ ہر ڈیویژنس سے کئی دعویداروں کی درخواستیں وصول ہوئی ہیں، تاہم انچارجس نے اپنے اپنے اسمبلی حلقہ جات میں پارٹی قائدین اور درخواست گزاروں سے ملاقات اور ان کی رائے حاصل کرتے ہوئے دو یا تین ناموں کی فہرست گاندھی بھون میں پیش کردی ہے، جن میں 75 بلدی حلقہ جات کے امیدواروں کے ناموں کو قطعیت دینے کا کام آخری مرحلہ میں ہے۔ مسلمانوں کو ٹکٹ دینے سے متعلق پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ کانگریس ایک سیکولر جماعت ہے اور ٹکٹوں کی تقسیم میں سماجی انصاف کرے گی۔ جن بلدی حلقہ جات میں مسلمانوں کی تعداد زیادہ ہے، وہاں مسلمانوں کو ٹکٹ دیئے جائیں گے۔ سیٹلرس کے بارے میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ٹکٹوں کی تقسیم میں انھیں بھی ترجیح دی جائے گی۔ کانگریس کے پاس چند بلدی حلقوں کی قطعی فہرست تیار ہے، تاہم 15 جنوری کو پہلی فہرست جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ میئر عہدہ کے امیدوار کے بارے میں انھوں نے کہا کہ پارٹی میں اس مسئلہ پر مذاکرات جاری ہیں اور امیدوار کے نام پر غور کیا جا رہا ہے، مگر اب تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ سابق مرکزی وزیر ایس جے پال ریڈی نے گریٹر حیدرآباد کی ترقی کے لئے کئی ترقیاتی اقدامات کئے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT