Tuesday , September 19 2017
Home / شہر کی خبریں / جی ایچ ایم سی انتخابات میں ٹی آر ایس کو شاندار کامیابی کا ادعا

جی ایچ ایم سی انتخابات میں ٹی آر ایس کو شاندار کامیابی کا ادعا

تلنگانہ بھون میں گریٹر حیدرآباد ٹی آر ایس کا اجلاس ، بی سمن ایم پی کا خطاب
حیدرآباد۔/6نومبر، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے رکن پارلیمنٹ بی سمن نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات جب بھی منعقد ہوں گے ٹی آر ایس شاندار کامیابی کے ساتھ کارپوریشن پر اپنا پرچم لہرائے گی۔ تلنگانہ بھون میں آج گریٹر حیدرآباد ٹی آر ایس پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں گریٹر حیدرآباد کے صدر ایم ہنمنت راؤ کے علاوہ مختلف اسمبلی حلقوں کے انچارج اور ٹی آر ایس یوتھ وِنگ کے قائدین نے شرکت کی۔ بی سمن نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قائدین اور کارکنوں پر زور دیا کہ وہ گریٹر حیدرآباد انتخابات کیلئے تیار رہیں۔ انہوں نے اپوزیشن کے الزامات کو مسترد کردیا کہ ٹی آر ایس گریٹر حیدرآباد انتخابات کا سامنا کرنے سے خوفزدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کبھی بھی انتخابات کا سامنا کرنے تیار ہے۔ پارٹی کی تاریخ رہی کہ اس نے تلنگانہ تحریک کے دوران ایک سے زائد مرتبہ اسمبلی اور پارلیمنٹ کی نشستوں سے استعفی دے کر ضمنی انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد کے مجوزہ انتخابات میں ٹی آر ایس کی کامیابی یقینی ہے اور کارکنوں کو چاہیئے کہ وہ حکومت کی جانب سے شروع کردہ ترقیاتی اور فلاحی اقدامات سے عوام کو واقف کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد کے عوام حکومت کی کارکردگی سے خوش ہیں اور بلدی انتخابات میں ٹی آر ایس کے امیدواروں کو کامیاب کرتے ہوئے مزید ترقی کی راہ ہموار کریں گے۔ سمن نے پارٹی کارکنوں سے کہا کہ وہ عوام سے ربط میں رہیں اور ان کے مسائل کی یکسوئی کیلئے سرگرم ہوجائیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی صرف ایسے کارکنوں کو ٹکٹ دے گی جو عوامی مقبولیت کے حامل اور کامیابی کے اہل ہوں۔ انہوں نے کہا کہ تمام حقیقی کارکنوں کے ساتھ انصاف کیا جائے گا۔ سمن نے ورنگل لوک سبھا حلقہ کے ضمنی چناؤ میں عام کارکن کو پارٹی امیدوار بنانے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس قیادت نے یہ ثابت کردیا کہ پارٹی میں کارکنوں کو مناسب مقام دیا جاتا ہے۔ صدر گریٹر حیدرآباد ایم ہنمنت راؤ نے پارٹی انچارجس اور محاذی تنظیموں کے قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ ابھی سے اپنے متعلقہ حلقوں میں متحرک ہوجائیں اور زیادہ سے زیادہ عوام کے درمیان میں رہیں۔ ہنمنت راؤ نے امید ظاہر کی کہ ٹی آر ایس کی کارکردگی گریٹر انتخابات میں کامیابی کی ضامن ہوگی۔

TOPPOPULARRECENT