Thursday , September 21 2017
Home / شہر کی خبریں / جی ایچ ایم سی انتخابات کیلئے انجینئرنگ طلبہ کی خدمات

جی ایچ ایم سی انتخابات کیلئے انجینئرنگ طلبہ کی خدمات

مراکز رائے دہی پر سی سی کیمرے، الیکشن کمیشن کا فیصلہ، کمشنر بلدیہ کی طلبہ سے ملاقات
حیدرآباد ۔ 18 ڈسمبر (سیاست نیوز) جی ایچ ایم سی انتخابات میں الیکشن کمیشن کی جانب سے انجینئرنگ طلبہ کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ شہر حیدرآباد میں منعقد ہونے جارہے انتخابات کے دوران تمام مراکز رائے دہی پر الیکشن اتھاریٹی نے ویب کیمرہ نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ اس کے ذریعہ پرامن رائے دہی کے انعقاد کو یقینی بنایا جاسکے۔ جی ایچ ایم سی کے اعلیٰ عہدیداروں کے بموجب ڈھائی ہزار انجینئرنگ طلبہ کی خدمات کے حصول کے ذریعہ ویب کاسٹنگ کے عمل کی نگرانی کی جائے گی۔ بتایا جاتا ہیکہ عہدیداروں کے ہمراہ 50 انجینئرنگ کالجس سے تعلق رکھنے والے طلبہ خدمات انجام دیں گے تاکہ کسی بھی طرح کی تکنیکی خرابی کی صورت میں ویب کاسٹنگ کو فوری طور پر بحال کیا جاسکے۔ مجوزہ بلدی انتخابات کے سلسلہ میں جاری تیاریوں کے دوران آج ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی کمشنر جی ایچ ایم سی نے مختلف کالجس کے ذمہ داران اور طلبہ سے ملاقات کرتے ہوئے انتخابی عمل میں حصہ لینے اور تکنیکی خرابیوں کی صورت میں انہیں دور کرنے میں تعاون کی خواہش کی۔ بتایا جاتا ہیکہ انتخابی اتھاریٹی کی جانب سے کئے گئے اس فیصلہ سے انتخابات بالخصوص رائے دہی میں شفافیت لانے کے ممکنہ اقدامات کئے جاسکیں گے چونکہ غیرجانبدار طلبہ کی نگرانی میں ویب کاسٹنگ کا عمل جاری رہنے کی صورت میں کسی کو اعتراض ہونے کی گنجائش نہیں ہوتی۔ اسی لئے انتخابات کی نگرانی کے ذمہ دار عملہ کی جانب سے اس بات کی کوشش کی جارہی ہیکہ مختلف کالجس سے تعلق رکھنے والے انجینئرنگ طلبہ کو یہ ذمہ داری تفویض کی جائے۔

TOPPOPULARRECENT