جی ایچ ایم سی حدود میں ایک لاکھ ڈبل بیڈ روم مکانات کی ڈسمبر تک تعمیر

,

   

گریٹر حیدرآباد حدود میں شامل اضلاع کے عوام کیلئے 10 فیصد کوٹہ مختص ۔ کے ٹی آر کا جائزہ اجلاس

حیدرآباد : وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے جی ایچ ایم سی حدود میں تعمیر کئے جانے والے ڈبل بیڈ روم مکانات کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ مقررہ وقت پر تعمیرات مکمل کرنے اور محکمہ ہاؤزنگ کے رہنمایانہ خطوط کے مطابق استفادہ کنندگان کی فہرست تیار کرنے کا کمشنر جی ایچ ایم سی اور جی ایچ ایم سی حدود میں شامل اضلاع کے کلکٹرس کو ہدایت دی۔ اس جائزہ اجلاس میں وزیر ہاؤزنگ پرشانت ریڈی بھی موجود تھے۔ عہدیداروں نے وز یر کو بتایا کہ ایک لاکھ ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیرات کے کام بہت جلد مکمل ہوجائیں گے۔ کے ٹی آر نے مقررہ وقت پر مکانات کی تعمیرات کا نشانہ مکمل کرتے ہوئے جاریہ سال ڈسمبر کے اواخر تک غریب عوام میں تقسیم کرنے کیلئے مکانات کی تیاری پر زور دیا۔ تعمیرات کے دوران معیار کو برقرار اور تمام بنیادی سہولتیں فراہم کرنے سڑکیں، برقی اور پانی کے انتظامات، ڈرینج سسٹم پر خصوصی توجہ دینے پر بھی زور دیا گیا۔ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق نے کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار کو مشورہ دیا کہ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں شامل کلکٹرس کے ساتھ رابطہ پیدا کرتے ہوئے استفادہ کنندگان کا انتخاب کریں۔ حیدرآباد کے عوام کیلئے جن اضلاع میں ڈبل بیڈ روم مکانات تعمیر کئے جارہے ہیں اُن اضلاع کے غریب عوام کو 10 فیصد یا 1000 مکانات مقامی عوام کوٹہ کے تحت مختص کریں۔ مقامی عوام کے کوٹہ میں استفادہ کنندگان کا انتخاب کرنے کی ذمہ داری متعلقہ اضلاع کے کلکٹرس کو رہے گی۔ ماضی میں ہاؤزنگ اسکیم سے استفادہ کرنے والوں کا دوبارہ اس اسکیم کیلئے ہرگز انتخاب نہ کریں۔ اجلاس میں جی ایچ ایم سی، محکمہ بلدی نظم و نسق اور محکمہ ہاؤزنگ کے اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔