Sunday , September 24 2017
Home / شہر کی خبریں / جی ایچ ایم سی حدود میں سڑکیں بچھانے کا کام ،وزیر عمارات و شوارع نے میئر حیدرآباد کے ساتھ معائنہ کیا

جی ایچ ایم سی حدود میں سڑکیں بچھانے کا کام ،وزیر عمارات و شوارع نے میئر حیدرآباد کے ساتھ معائنہ کیا

حیدرآباد3 دسمبر (یو این آئی)گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن(جی ایچ ایم سی) کے حدود میں سڑکیں بچھانے کے کاموں کا کل رات دیر گئے وزیر عمارات و شوارع ٹی ناگیشور راؤ نے میئر حیدرآباد بی رام موہن کے ساتھ معائنہ کیا ۔کوکٹ پلی ہاؤزنگ بورڈ کالونی سے میاں پور تک جانے والی سڑکوں کے معیار کی بھی انہوں نے جانچ کرتے ہوئے کاموں میں تیزی پیدا کرنے کی افسروں کو ہدایت دی ۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ناگیشور راؤ نے کہا کہ شہر حیدرآباد سے گزرنے والی قومی شاہراہوں کی ترقی کیلئے 28کروڑ روپئے الاٹ کئے گئے ۔ وزیر اعلی کی ہدایت پر ان سڑکوں کو بہتر بنایا جارہا ہے تاکہ گاڑی سواروں کو مشکل صورتحال پیش نہ آئے ۔ 42کروڑ روپئے سے 28کلو میٹر قومی شاہراہ کے کام کئے جارہے ہیں ۔ انہو ں نے کہا کہ شہر سے 100 کلو میٹر کی قومی شاہراہ گزرتی ہے جن میں سے 28تا 30کلو میٹر کی سڑکوں کی حالت خراب ہے ۔ دس سال سے ان کی مرمت نہیں کی گئی ۔ میٹرو ریل کے کامو ں کے سبب صورتحال مزید بدتر ہوگئی ہے ۔ وزیر اعلی کی ہدایت پر ان سڑکوں کی مرمت کے کام کئے جارہے ہیں۔ میئر بی رام موہن نے کہا کہ حالیہ بارش سے شہر حیدرآباد کی سڑکوں کو جو نقصان ہوا ہے ان کی جنگی خطوط پر مرمت کے کام کئے جارہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT