Thursday , October 19 2017
Home / شہر کی خبریں / جی ایچ ایم سی حدود میں ہر ماہ ’’اربن ڈے‘‘ پروگرام

جی ایچ ایم سی حدود میں ہر ماہ ’’اربن ڈے‘‘ پروگرام

درپیش مسائل کی یکسوئی پر توجہ، ڈائرکٹر بلدی نظم و نسق ٹی سری دیوی کے احکامات
حیدرآباد 23 اکٹوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے ریاست کے شہری عوام کو خوشخبری دیتے ہوئے بلدی حدود کے عوام کو درپیش بلدی مسائل کی یکسوئی کے لئے ہر ماہ 7 تاریخ کو ریاست کی تمام بلدیات میں ’’اربن ڈے‘‘ منظم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلہ میں ڈائرکٹر بلدی نظم و نسق ریاست تلنگانہ شریمتی ٹی سری دیوی نے ریاست کی تمام بلدیات کے صدورنشین و کمشنروں کو احکامات جاری کئے اور اس بات کی بھی ہدایت دی گئی کہ بلدی نظم و نسق کے اہم شعبہ جات انجینئرنگ، ریونیو، پینے کے پانی کی سربراہی، میپما، ٹاؤن پلاننگ و دیگر شعبہ جات کے ساتھ خصوصی اجلاس طلب کریں تاکہ روزانہ کے درپیش مسائل پر تفصیلی مباحث اور غور و خوض کے ذریعہ یکسوئی کے لئے جائزہ لیا جاسکے۔ ریاستی ڈائرکٹر بلدی نظم و نسق شریمتی سری دیوی نے بتایا کہ ضلع کلکٹرس کی صدارت میں منظم کئے جانے والے ’’اربن ڈے‘‘ پروگرام کے لئے میونسپل کمشنر نوڈل آفیسر ہوں گے۔ انھوں نے تمام میونسپل کمشنروں کو ہدایت دیتے ہوئے بتایا کہ اپنے بلدی حدود میں پائے جانے والے تالاب، کنٹوں اور نالوں کی اراضیات پر کئے ہوئے غیر مجاز قبضوں کو برخاست کرنے، بوسیدہ و خستہ ناکارہ عمارتوں کے ڈھانچوں میں کسی مبینہ غیر مجاز سرگرمیاں جاری رکھنے کے مراکز میں تبدیل نہ ہونے دینے کے لئے اقدامات کرتے ہوئے ان خستہ و بوسیدہ عمارتوں کو منہدم کرنے کے لئے اقدامات کا مشورہ دیا۔ علاوہ ازیں راما گنڈم، نظام آباد، نلگنڈہ، عادل آباد میں پارکس سے متعلق بعض فنی مسائل کی فوری طور پر یکسوئی کے لئے انجینئر اِن چیف کو احکامات جاری کئے۔ بالخصوص ورنگل میں کسی تاخیر کے بغیر ایل ای ڈی لائٹس کی تقسیم کے پروگرام کو مکمل کریں۔ انھوں نے مزید کہاکہ وقت بہ وقت تمام میونسپل کمشنروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنسوں کا انعقاد عمل میں لایا جاتا رہے گا اور ان ویڈیو کانفرنس کے موقع پر دریافت کئے جانے والے مسائل کے تعلق سے مکمل طور پر رپورٹس تیار رکھ لینے کی ضرورت ہوگی۔ اگر ویڈیو کانفرنس کے موقع پر دریافت کئے جانے والے مختلف مسائل کے تعلق سے مثبت جواب دیئے جانے کی ضرورت ہوگی۔ شریمتی سری دیوی نے تمام میونسپل کمشنروں سے اپنی بلدیات کی کارکردگی کو فعال بنانے اور اپنی شاندار کارکردگی کو یقینی بنانے کے لئے نیک توقعات وابستہ کیں۔

TOPPOPULARRECENT