Wednesday , September 20 2017
Home / شہر کی خبریں / جی ایچ ایم سی سے فٹ پاتھ تجارت کیخلاف مہم،غیر مجاز پارکنگ نظرانداز

جی ایچ ایم سی سے فٹ پاتھ تجارت کیخلاف مہم،غیر مجاز پارکنگ نظرانداز

چھوٹے تاجرین شدید متاثر، تجارت کیلئے متبادل انتظام کرنے پر زور
حیدرآباد۔18ڈسمبر (سیاست نیوز) دونوں شہروں میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے فٹ پاتھ پر کئے جانے والے کاروبار کی برخواستگی کے سلسلہ میں مہم چلائی جا رہی ہے اور اس مہم کے دوران محکمہ ٹریفک پولیس کی مدد حاصل کی جارہی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ہائی کو رٹ کے احکام کے بعد شروع کی گئی اس مہم کے دوران فٹ پاتھ پر کئے گئے قبضہ جات کو برخواست کرنے کے علاوہ جن کاروباری اداروں کی جانب سے دکانات کے باہر اپنا سامان رکھتے ہوئے تجارت کی جاتی ہے ان کے خلاف بھی کاروائی کی جانے لگی ہے اور ان کے لائسنس کی تنسیخ کے متعلق منصوبہ بندی کی جانے لگی ہے۔ حیدرآباد ہائی کورٹ کی جانب سے پیدل راہروؤں کے لئے مختص فٹ پاتھ کو قابل استعمال بنانے کی ہدایت کے بعد ٹریفک پولیس انتظامیہ نے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے تعاون سے دونوں شہروں میں اس مہم کا آغاز کیا ہے اور اس مہم کے دوران اب تک سینکڑوں چھوٹے تاجرین کے کاروبار کو برخواست کردیا گیا ہے۔ پرانے شہر کے علاوہ نئے شہر کے کئی علاقوں میں جاری جی ایچ ایم سی کی اس مہم کے دوران جن تاجرین کے کاروبار کو برخواست کیا گیا ہے انہیں مشورہ دیا جار ہا ہے کہ وہ فٹ پاتھ پر ایک جگہ کاروبار نہ کریں بلکہ ٹھیلہ بنڈی کے ذریعہ گھوم کر کاروبار کریں۔فٹ پاتھ پر کاروبار کرنے والے چھوٹے تاجرین کا کہنا ہے کہ جی ایچ ایم سی کی جانب سے منصوبہ بند انداز میں صرف چھوٹے تاجرین کو ہراساں کیا جا رہا ہے جبکہ دونوں شہروں میں کئی مقامات پر غیر مجاز پارکنگ کے سبب ٹریفک کے مسائل پیدا ہو رہے ہیں لیکن انہیں کوئی تاکید نہیں کی جا رہی ہے ۔ پرانے شہر کے علاقوں میں چھوٹے تاجرین جو فٹ پاتھ پر تجارت کرتے ہیں انہیں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد اور ٹریفک پولیس کی اس کاروائی سے کافی نقصان ہو ا ہے لیکن ان کیلئے کوئی آواز نہیں اٹھائی جا رہی ہے۔ ان تاجرین نے بتایا کہ وہ جانتے ہیں کہ فٹ پاتھ پر تجارت کرنا درست نہیں ہے اور اس سے عوام کو تکلیف ہوتی ہے لیکن وہ ان مقامات پر کاروبار کرنے کیلئے مجبور ہیں اسی لئے وہ فٹ پاتھ پر تجارت کر رہے تھے اس کے علاوہ ان کے پاس کوئی دیگر ذرائع آمدنی نہ ہونے کے سبب وہ مشکل میں آچکے ہیں۔ محکمہ ٹریفک پولیس کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ کورٹ کے احکام کے پیش نظر وہ جی ایچ ایم سے تعاون کرتے ہوئے فٹ پاتھ سے قبضہ برخواست کروارہے ہیں تاکہ شہریوں کو ہونے والی دشواریوں سے بچایا جا سکے۔ فٹ پاتھ تاجرین نے حکومت سے اپیل کی کہ انہیں تجارت کے لئے متبادل انتظام کرتے ہوئے منتقل کیا جائے تاکہ ان کے روزگار متاثر نہ ہوں۔

TOPPOPULARRECENT