Thursday , June 29 2017
Home / شہر کی خبریں / جی ایچ ایم سی صفائی ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ

جی ایچ ایم سی صفائی ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ

چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کا فیصلہ ‘ ماہانہ یافت 14 ہزار ہوگئی
حیدرآباد 23 مئی ( پی ٹی آئی ) چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے آج جی ایچ ایم سی کے صفائی ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کا فیصلہ کیا ہے ۔ چیف منسٹر کے دفتر سے جاری کردہ ایک اعلامیہ کے بموجب صفائی کرمچاریوں کی تنخواہوں میں ماہانہ 1500 روپئے اضافہ کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اس اضافہ کے بعد اب ان ملازمین کی تنخواہیں 14,000 روپئے ماہانہ ہوجائیں گی ۔ چیف منسٹر نے اس سے قبل بھی جی ایچ ایم سی کے صفائی عملہ کی تنخواہوں میں اضافہ کیا تھا ۔ یہ دوسری مرتبہ اس میں اضافہ کیا گیا ہے ۔ این ایس ایس کے بموجب چیف منسٹر نے شہر کو صاف رکھنے کیلئے سخت محنت کرنے والے ان صفائی ورکرس کی تنخواہوں میں پہلے بھی اضافہ کیا تھا ۔ وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ ‘ مئیر حیدرآباد بی رام موہن اور کمشنر بی جناردھن ریڈی نے بھی چیف منسٹر سے ان ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کی خواہش کی تھی ۔ اس صورتحال میں چیف منسٹر نے آج پرگتی بھون میں ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا اور انہوں نے صفائی ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کا فیصلہ کیا ۔ تلنگانہ کی تشکیل کے وقت ان ملازمین کی تنخواہیں 8,500 روپئے تھیں جنہیں اضافہ کے بعد 12,500 روپئے کیا گیا تھا ۔ اب ان میں مزید 1500 روپئے کا اضافہ کیا گیا ہے اور اب ان ملازمین کی تنخواہیں 14000 روپئے ماہانہ ہونگی ۔ دیگر بلدیات کے ملازمین کی جانب سے بھی تنخواہوں میں اضافہ کا مطالبہ کیا جا رہا ہے اور چیف منسٹر نے اس پر بھی مثبت رد عمل کا اظہار کیا ہے ۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT