Thursday , August 24 2017
Home / شہر کی خبریں / جی ایچ ایم سی پر ٹی آر ایس کا قبضہ رہے گا : ڈپٹی چیف منسٹر

جی ایچ ایم سی پر ٹی آر ایس کا قبضہ رہے گا : ڈپٹی چیف منسٹر

حکومت کا ترقیاتی ایجنڈہ کامیابی کا ضامن ثابت ہوگا ، کڈیم سری ہری کا ادعا
حیدرآباد۔/15جنوری، ( سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری نے دعویٰ کیا کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل انتخابات میں ٹی آر ایس کا بلدیہ پر قبضہ رہے گا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کڈیم سری ہری نے کہا کہ حکومت کا ترقیاتی ایجنڈہ اس کی کامیابی کا ضامن رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ گریٹر حیدرآباد میں حکومت نے غریبوں کی فلاح و بہبود کیلئے جن نئی اسکیمات کا آغاز کیا ہے اس سے لاکھوں خاندان مستفید ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکومتوں نے حیدرآباد کی ترقی کو نظرانداز کردیا تھا۔ ٹی آر ایس نے برقی اور آبرسانی کے مسائل کے مستقل حل اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے سلسلہ میں کئے گئے مختلف سروے میں ٹی آر ایس کو 100نشستوں پر کامیابی یقینی بتائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس نہ صرف 100نشستوں پر کامیاب ہوگی بلکہ میئر اور ڈپٹی میئر کے عہدہ پر اس کا قبضہ رہے گا۔ کڈیم سری ہری جو امیدواروں کے انتخاب سے متعلق کمیٹی کے رکن ہیں بتایا کہ پارٹی نے امیدواروں کے بارے میں جو سروے کیا تھا اس کی بنیاد پر مضبوط امیدواروں کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے تمام اسمبلی حلقوں میں ٹی آر ایس کا مظاہرہ بہتر رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ امیدواروں کے انتخاب میں تمام طبقات کے ساتھ مکمل انصاف کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف زاویوں سے جائزہ لینے کے بعد ہی امیدواروں کی فہرست تیار کی گئی ہے۔ کڈیم سری ہری نے کہا کہ جن خواہشمندوں کو ٹکٹ نہیں دیا گیا انہیں مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہیں چاہیئے کہ وہ پارٹی امیدواروں کی کامیابی کیلئے کام کریں۔ کڈیم سری ہری کے مطابق پارٹی میں سرگرم تمام قائدین کی خدمات کسی نہ کسی انداز سے استعمال کی جائیںگی۔ انہوں نے کہا کہ دوسری فہرست بہت جلد جاری ہوگی اور پارٹی کے انتخابی منشور کو بھی قطعیت دی جارہی ہے اور اندرون دو یوم منشور جاری کردیا جائے گا۔ کڈیم سری ہری نے گریٹر حیدرآباد کے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپوزیشن کے پروپگنڈہ کا شکار ہوئے بغیر ٹی آر ایس کو کامیابی سے ہمکنار کریں۔

TOPPOPULARRECENT