Saturday , September 23 2017
Home / شہر کی خبریں / جی ایچ ایم سی پر کانگریس پارٹی کا پرچم لہرانے کا عزم

جی ایچ ایم سی پر کانگریس پارٹی کا پرچم لہرانے کا عزم

سخت مقابلہ کیلئے تیار، ٹی آر ایس میں شمولیت کی تردید، ڈی ناگیندر کا ادعا
حیدرآباد /3 دسمبر (سیاست نیوز) صدر گریٹر حیدرآباد سٹی کانگریس ڈی ناگیندر نے ٹی آر ایس میں شامل ہونے کی افواہ کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ وہ انتخابات کے لئے پوری طرح تیار ہیں۔ انھوں نے آج اپنی قیامگاہ پر گریٹر حیدرآباد سٹی کانگریس کے قائدین، سابق کارپوریٹرس اور اپنے حامیوں کا ایک ہنگامی اجلاس طلب کرتے ہوئے تازہ سیاسی صورت حال اور مجوزہ بلدی انتخابات کا جائزہ لیا۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ وہ کانگریس ہائی کمان سے پوری طرح مطمئن ہیں۔ صدر کانگریس سونیا گاندھی اور جنرل سکریٹری اے آئی سی سی و انچارج تلنگانہ کانگریس امور ڈگ وجے سنگھ نے انھیں گریٹر حیدرآباد سٹی کانگریس کا صدر نامزد کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس میں ان کا کوئی مخالف نہیں ہے اور نہ ہی انھیں کسی سے کوئی شکایت ہے۔ کانگریس ایک قومی اور سیکولر جماعت ہے، جو سماج کے تمام طبقات کی نمائندگی کرتی ہے۔ انھوں نے جی ایچ ایم سی انتخابات میں کانگریس کے بہتر مظاہرہ کا ادعا کیا اور کہا کہ میئر کے عہدہ پر کانگریس کا قبضہ ہوگا، کیونکہ کانگریس قائدین اور کارکنوں میں جوش و خروش پایا جاتا ہے۔ آج گاندھی بھون کے اجلاس میں شریک نہ ہونے کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ وہ کوآرڈینیشن کمیٹی کے رکن نہیں ہیں، اس لئے اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس کے تمام قائدین متحد ہیں اور بہت جلد حیدرآباد سٹی کانگریس کا اجلاس طلب کرکے انتخابی حکمت عملی تیار کی جائے گی۔

TOPPOPULARRECENT