Tuesday , September 26 2017
Home / شہر کی خبریں / جی ایچ ایم سی ڈپٹی مئیر کے لیے مسلم کارپوریٹر کے نام پر غور

جی ایچ ایم سی ڈپٹی مئیر کے لیے مسلم کارپوریٹر کے نام پر غور

ٹی آر ایس پارٹی کا منصوبہ ، بابا فصیح الدین کی تفصیلات طلب
حیدرآباد ۔ 8۔  فروری  (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹریہ سمیتی گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے ڈپٹی میئر کے عہدہ کیلئے مسلم کارپوریٹر کے نام پر غور کر رہی ہے۔ باوثوق ذرائع نے بتایاکہ گریٹر حیدرآباد میں اقلیتی طبقہ کی تائید حاصل کرنے کیلئے پارٹی ڈپٹی میئر کے عہدہ پر مسلمان کو فائز کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے اور اس کیلئے کے ٹی آر سے قربت رکھنے والے بابا فصیح الدین کا نام سرفہرست ہے۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ بورہ بنڈہ بلدی ڈیویژن سے کامیابی حاصل کرنے والے بابا فصیح الدین کے بارے میں چیف منسٹر نے رپورٹ طلب کی ہے اور اگر ڈپٹی میئر کے عہدہ پر مسلم امیدوار کے انتخاب کا فیصلہ کیا گیا تو پارٹی کا انتخاب بابا فصیح الدین کے حق میں ہوگا۔ پارٹی کے کئی قائدین نے بابا فصیح الدین کے نام کی سفارش کی ہے۔ واضح رہے کہ بابا فصیح الدین 2001ء میں ٹی آر ایس کے قیام سے ہی پارٹی سے وابستہ ہیں اور ان کا شمار وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ کے بااعتماد رفقاء میں ہوتا ہے۔ بلدی انتخابات میں انہوں نے مجلس کے گڑھ سمجھے جانے والے بورہ بنڈہ بلدی ڈیویژن سے 4500 ووٹ کی اکثریت سے کامیابی حاصل کی اور مجلس کے اس ڈیویژن پر قبضہ کرلیا۔ حلقہ میں بابا فصیح الدین کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اقلیتی طبقہ کے علاوہ اکثریتی طبقہ کی جانب سے بابا فصیح الدین کی زبردست تائید کی گئی۔ کانگریس کا امیدوار تیسرے نمبر پر رہا۔ بابا فصیح الدین کے والدین کا تعلق ضلع میدک سے ہے اور ان کے والد اور دادا نے بورہ بنڈہ اور اطراف کے علاقوں میں مساجد کیلئے اراضیات الاٹ کی ہیں۔ علاقہ میں کئی فلاحی اقدامات کیلئے یہ خاندان اپنی منفرد شناخت رکھتا ہے۔ کے ٹی راما راؤ نے اپنے بااعتماد شاگرد کو بورہ بنڈہ سے انتخابی میدان میں اتارا اور کامیابی کیلئے کافی محنت کی۔ بابا فصیح الدین نے سیاست سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بورہ بنڈہ میں مجلسی قیادت نے غنڈہ گردی کا ماحول پیدا کردیا تھا جسے وہ ختم کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکنوں پر حملوں کے ذریعہ ہراساں کرنے کی کوشش کی گئی لیکن کارکنوں نے پوری شدت کے ساتھ مقابلہ کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ اس ڈیویژن میں فلاحی و ترقیاتی اسکیمات کے آغاز میں کے ٹی آر خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس ڈیویژن میں پانی کی سربراہی  اور ڈرینج نظام جیسے مسائل کی یکسوئی خصوصی توجہ دی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ علاقہ میں ٹریفک کا بھی کافی مسئلہ ہے۔ اس کی یکسوئی کیلئے سڑکوں کی توسیع کا کام انجام دیا جائے گا ۔ بابا فصیح الدین اپنے ڈیویژن میں غریبوں کیلئے ڈبل بیڈروم مکانات کی اسکیم پر عمل آوری کے خواہاں ہیں اور اس سلسلہ میں انہوں نے کے ٹی راما راؤ سے نمائندگی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ پانچ برسوں میں بورہ بنڈہ ڈیویژن شہر کا مثالی ترقی یافتہ ڈیویژن بن جائے گا ۔ جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے تحت آنے والے 6 بلدی ڈیویژنس میں بورہ بنڈہ سے ٹی آر ایس نے سب سے زیادہ ووٹ حاصل کئے اور یہ بابا فصیح الدین کی محنت اور مقبولیت کا نتیجہ ہے۔ فصیح الدین نے کہا کہ کے ٹی آر ان کے سیاسی گرو ہیں اور وہ جو بھی ذمہ داری دیں گے ، اسے بحسن و خوبی ادا کرنے کی کوشش کریں گے۔

TOPPOPULARRECENT