Friday , August 18 2017
Home / شہر کی خبریں / جی ایچ ایم سی کے اسپورٹس و گیمس کے کوچنگ کیمپس

جی ایچ ایم سی کے اسپورٹس و گیمس کے کوچنگ کیمپس

سکندرآباد میں سوئمنگ پول کا افتتاح ، ٹی سرینواس یادو وزیر کمرشیل ٹیکس کا بیان
حیدرآباد ۔ 23 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن ( جی ایچ ایم سی ) کے زیر اہتمام 25 اپریل سے مختلف اسپورٹس و گیمس کے کوچنگ کیمپس کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا ۔ آج یہاں سکندرآباد میں واقع جی ایچ ایم سی کے سوئمنگ پول کا افتتاح انجام دینے کے بعد اپنا اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر کمرشیل ٹیکسیس مسٹر ٹی سرینواس یادو نے یہ بات کہی اور بتایا کہ 25 اپریل سے شروع کئے جانے والے کوچنگ کیمپس 31 مئی تک جاری رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ 51 مختلف اسپورٹس اینڈ گیمس کے لیے 1500 مراکز پر کوچنگ دی جائے گی ۔ ان کیمپس کے لیے 6 سال تا 16 سال عمر کے لڑکے لڑکیوں کو کوچنگ دی جائے گی ۔ وزیر موصوف نے کہا کہ گرمائی کوچنگ کیمپس منعقد کرنے کے لیے جی ایچ ایم سی نے 60 لاکھ روپیوں کی منظوری دی ہے ۔ مسٹر ٹی سرینواس یادو نے ’ واٹر ڈے ‘ کو پیش نظر رکھتے ہوئے پانی کا تحفظ کرنے اور پانی کی بچت کرتے ہوئے استعمال کرنے کا عوام کو عہد کروایا اور کہا کہ موسم گرما کے پیش نظر پانی کی کمی پائی جارہی ہے تاہم ابھی تک شہر حیدرآباد کے کسی بھی علاقہ میں پانی کی قلت کی صورتحال پیدا نہیں ہوئی ہے اور ایسی کسی بھی صورتحال پائی جانے کی صورت میں نہ صرف حکومت بلکہ حیدرآباد میٹرو واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ پانی کی سربراہی کے لیے موثر اقدامات کرے گا ۔ اس موقع پر کارپوریٹرس اوپلا شرونی ، اے ارونا گوڑ ، زونل کمشنر جی ایچ ایم سی مسٹر میری چندن ، ڈپٹی کمشنر وجئے راج ، اسپورٹس ڈائرکٹر جی ایچ ایم سی مسٹر پریم راج و دیگر عہدیدار موجود تھے ۔۔

TOPPOPULARRECENT