Thursday , April 27 2017
Home / شہر کی خبریں / جے سی دیواکر کو طرزعمل میں تبدیلی لانے کا مشورہ

جے سی دیواکر کو طرزعمل میں تبدیلی لانے کا مشورہ

راج شیکھر ریڈی کے کارنامے ناقابل فراموش، وائی ایس آر کانگریس کے قائدین کا ردعمل
حیدرآباد ۔ 14 جنوری (سیاست نیوز) ریاستی وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے رکن پارلیمان تلگودیشم پارٹی آندھراپردیش مسٹر جے سی دیواکر ریڈی کو ہدف ملامت بنایا اور کہا کہ اگر مسٹر جے سی دیواکر ریڈی فوری طور پر اپنے طرزعمل و رویہ میں تبدیلی نہ لانے کی صورت میں ان کی سیاسی قبر کھودنا ناگزیر ہوجائے گا۔ رکن پارلیمان وائی ایس آر کانگریس پارٹی ریاست تلنگانہ مسٹر پیدی ریڈی متھن ریڈی اورصدر  ضلع وائی ایس آر کانگریس پارٹی مسٹر اے امرناتھ ریڈی نے مذکورہ بات کہی اور بتایا کہ چیف منسٹر آندھراپردیش آنجہانی وائی ایس راج شیکھر ریڈی نے جن فلاح و بہبودی اسکیمات و پروگراموں کو روبہ عمل لایا تھا۔ آندھراپردیش کے عوام کبھی فراموش نہیں کریں گے۔ ان قائدین نے کہا کہ ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی جیسے قائد کے افراد خاندان بشمول قائد اپوزیشن ریاست آندھراپردیش مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی پر تنقید کرنے کا مسٹر جے سی دیواکر ریڈی جیسے قائد کو ہرگز کوئی حق نہیں ہے کیونکہ جے سی دیواکر ریڈی جیسے موسم کیلئے اس طرح  کی چھتری پکڑنے کے اقدامات کرکے انتہائی نچلی سطح کی سیاست کرنے کے عادی ہوچکے ہیں۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی قائدین نے مسٹر جے سی دیواکر ریڈی کے طرزعمل پر اپنی سخت برہمی کا اظہار کیا اور چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو پر الزام عائد کیا کہ مسٹر نائیڈو نے وائی ایس آر کانگریس پارٹی اور قائد اپوزیشن مسٹر جگن موہن ریڈی پر تنقید کرنے کیلئے مسٹر جے سی دیواکر ریڈی کو نہ صرف اپنایا بلکہ ان کی مکمل طور پر ہمت افزائی کرتے ہوئے کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔ ان قائدین نے مزید کہا کہ ریاست آندھراپردیش میں ہزاروں ایکڑ اراضیات کو پانی سربراہ کرنے کے مقصد سے ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی نے کئی ایک آبپاشی پراجکٹس کے منصوبہ جات مرتب کرکے آغاز بھی کیا تھا، لیکن آج چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابونائیڈو سابق چیف منسٹر ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کی ان کوششوں کا مکمل فائدہ اٹھارہے ہیں جبکہ ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی نے بلا تخصیص سیاسی وابستگی تمام علاقوں کی ترقی کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے تھے لہٰذا ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی سے  تقابل کرنے کے موجودہ چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو ہرگز اہل نہیں ہیں۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT