Monday , October 23 2017
Home / سیاسیات / جے ڈی یو غیربی جے پی پارٹیوں کے اتحاد کی خواہاں

جے ڈی یو غیربی جے پی پارٹیوں کے اتحاد کی خواہاں

نئی دہلی ۔ 16 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) بہار انتخابات میں عظیم اتحاد کی شاندار کامیابی سے بلند حوصلہ جے ڈی (یو) نے نریندر مودی حکومت کے خلاف تمام اپوزیشن پارٹیوں سے اتحاد کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی انتخابات غیر بی جے پی سیاست کے ملک میں نئے دور کے آغاز کے نقیب ہیں۔ بہار جے ڈی (یو) کے صدر بشسٹ نارائن سنگھ نے کہا کہ نتیش کمار کو چیف منسٹری کا امیدوار بنا کر پیش کیا گیا جبکہ قومی سطح پر وہ مودی کے متبادل ہیں۔ ملک کو ایک بہتر وزیراعظم کی ضرورت ہے۔ چنانچہ بہار میں یہ ایک شخصی مقابلہ تھا اور ثابت ہوگیا کہ نتیش کمار مودی کے خلاف قومی محاذ کی بھی قیادت کرسکتے ہیں۔ تاہم انہوں نے یہ بھی کہا ہیکہ اس کا فیصلہ کرنا تمام سیاسی پارٹیوں کا کام ہے۔ ان کی قیادت ایسا محاذ قائم کرسکتی ہے۔ نتیش کمار میں اس کی قابلیت ہے اور وہ ایسا کرسکتے ہیں۔ بہار کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی پارٹیوں کو ایک اقل ترین مشترکہ پروگرام پر متفق ہوجانا چاہئے تاکہ پارلیمنٹ میں ووٹ حاصل کرسکیں۔ اگر بی جے پی کا ایجنڈہ فرقہ پرست ہے تو یہ ملک کیلئے کوئی اچھی بات نہیں ہے۔ یہ اس بات کا اشارہ ہے کہ بہار میں ایک اچھا قدم اٹھایا گیا ہے جس پر تمام علاقائی پارٹیاں بہت خوش ہیں۔ وہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ غیرکانگریسی سیاست کی طرح غیر بی جے پی سیاست کا آغاز بہار سے ہوا ہے ۔ اس ریاست میں ان تمام باتوں کو غلط ثابت کردیا کہ مودی ایک کرشماتی شخصیت ہیں۔ اب ان کا دہرا چہرہ صاف نظر آرہا ہے۔

TOPPOPULARRECENT