Monday , September 25 2017
Home / Top Stories / جے ڈی (یو) کی چار سال بعد این ڈی اے میں واپسی

جے ڈی (یو) کی چار سال بعد این ڈی اے میں واپسی

نتیش کمار کی صدارت میں اجلاس ، 71 ارکان اسمبلی ، 30 ارکان کونسل کی شرکت ، پارٹی میں پھوٹ کی تردید

پٹنہ ۔ /19 اگست (سیاست ڈاٹ کام) بہار کے چیف منسٹر نتیش کمار کی قیادت میں جے ڈی (یو) نے اپنی قومی عاملہ کے اجلاس میں ایک قرارداد منظور کرتے ہوئے این ڈی اے میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس پارٹی کے سینئر لیڈر کے سی تیاگی نے یہ اعلان کیا اور سینئر لیڈر شریادو سے اختلافات کے بعد اپنی پارٹی میں کسی پھوٹ کی تردید کی ۔ جے ڈی (یو) کے پرنسپال جنرل سکریٹری تیاگی نے اخباری نمائندوں سے کہا کہ ’’جے ڈی (یو) کی قومی عاملہ کا اجلاس پارٹی کے صدر نتیش کمار کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں این ڈی اے کا حصہ بننے کے لئے ایک قرارداد منظور کی گئی ‘‘ ۔ قومی عاملہ نے آر جے ڈی اور کانگریس سے طئے شدہ عظیم اتحاد سے علحدگی کے لئے بہار جے ڈی (یو) یونٹ کے فیصلہ کی بھی توثیق کی ۔ اس نے بہار میں تشکیل حکومت کیلئے بی جے پی سے مفاہمت کی توثیق بھی کی ہے ‘‘ ۔ تیاگی نے کہا کہ ’’ بی جے پی کے صدر امیت شاہ نے ہمارے جے ڈی (یو) صدرنشین کمار سے ملاقات کے دوران جے ڈی (یو) کو این ڈی اے میں شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا تھا ۔ قومی عاملہ کمیٹی نے اس کو منظوری دیدی اور اب ہم این ڈی اے کا حصہ بن گئے ہیں ‘‘ ۔ تیاگی نے جن کے ساتھ ان کی پارٹی کے دیگر قائدین آر سی پی سنگھ ، ہربنس سنگھ اور پون ورما اور دوسرے موجود تھے ، مزید کہا کہ پارٹی میں کسی قسم کی کوئی پھوٹ نہیں ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 20 کے منجملہ 16 ریاستی یونٹوں کے صدور ، بہار میں جے ڈی (یو) کے تمام 71 ارکان اسمبلی اور 30 ارکان قانون ساز کونسل اور شردیادو کی رضامندگی سے مقرر کردہ پارٹی کی مختلف کمیٹیوں کے تمام عہدیداروں نے شرکت کی ‘‘ ۔ انہوں نے سوال کیا کہ ’’پھر کیسے پھوٹ ہوسکتی ہے ‘‘ ۔ انہوں نے کہا کہ شردیادو کے خلاف کسی کارروائی سے قبل ان کی پارٹی /27 اگست کو یہاں ہونے والی آر جے ڈی کی ریلی کا انتظار کرے گی ۔ اس دن جے ڈی (یو) اپنا کھلا اجلاس منعقد کرے گی جس میں چیف منسٹر بہار اور جے ڈی (یو) کے صدرنشین کمار بھی شرکت کریں گے ۔

 

شردیادو کا متوازی اجلاس ، عظیم تر اتحاد برقرار رکھنے کی کوشش
پٹنہ ۔ 19 ۔ اگست : ( سیاست ڈاٹ کام) : سینئیر جنتادل یو لیڈر شردیادو نے آج نتیش کمار گروپ کے خلاف متوازی اجلاس منعقد کیا اور بہار کے عوام سے خواہش کی کہ وہ کسی بھی قیمت میں عظیم تر اتحاد کو برقرار رکھے ۔ نتیش کمار نے عظیم تر اتحاد سے علحدگی اختیار کرتے ہوئے این ڈی اے میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے ۔ شرد یادو نے کہا کہ اس بارے میں عوام ہی صحیح فیصلہ کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے آج منعقدہ ’’ جن عدالت ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی ہر ریاست میں کامیابی حاصل کررہی تھی لیکن بہار کے عوام نے پانچ سال کے لیے عظیم تر اتحاد کو اکثریت سے کامیابی دلائی ۔ انہوں نے کہا کہ نتیش کمار کا فیصلہ غلط ہے ۔شردیادو قومی عاملہ کمیٹی کے اجلاس سے غیر حاضر رہے بجائے اس کے انہوں نے اپنے وفاداروں کے متوازی اجلاس ’جن عدالت‘ میں شرکت کی ۔ جس میں جے ڈی (یو) کے معطل شدہ رکن راجیہ سبھا انور علی انصاری بھی موجود تھے ۔ اس پروگرام کے شرکاء نے بہار کے عظیم اتحاد میں برقرار رہنے کا فیصلہ کیا ۔۔

TOPPOPULARRECENT