Monday , September 25 2017
Home / شہر کی خبریں / حالات سے مجبور محمد شفیع کے لئے ملازمت کا اعلان

حالات سے مجبور محمد شفیع کے لئے ملازمت کا اعلان

غریب مزدور کے دردناک واقعہ سے ریاستی وزیر ٹی ہریش راؤ متاثر
حیدرآباد /8 ستمبر (سیاست نیوز) کندھے پر بیوی کی نعش اور گود میں نومولود لڑکی کو اٹھائے ہوئے آر ٹی سی بس کے ذریعہ سفر کرنے والے محمد شفیع کی دل دہلا دینے والی خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی۔ غریبی اور بے بسی کا شکار محمد شفیع کی داستان سے ریاستی وزیر آبپاشی ٹی ہریش راؤ بھی متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکے۔ انھوں نے محمد شفیع کو نہ صرف ملازمت دینے کا اعلان کیا، بلکہ اندرون ایک ہفتہ اس پر عمل بھی کیا۔ محمد شفیع کو سکریٹریٹ طلب کرکے ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی، ٹی آر ایس رکن اسمبلی سرینواس گوڑ اور ایم ایل سی سدھاکر ریڈی کی موجودگی میں نارائن پیٹ ضلع محبوب نگر کے مارکٹ یارڈ میں سیکورٹی گارڈ کی ملازمت فراہم کرتے ہوئے کپڑوں کے ساتھ ساتھ شیرخوار کے لئے دودھ کے ڈبے بھی ان کے حوالے کئے۔ واضح رہے کہ 2 ستمبر کو محمد شفیع کے ساتھ یہ دردناک واقعہ پیش آیا اور اندرون ایک ہفتہ ہریش راؤ نے اس غریب مسلمان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انسانیت کا ثبوت پیش کیا، جو قابل ستائش اقدام ہے۔ ریاستی وزیر نے رجسٹریشن امپلائز کے اجلاس میں شرکت کرکے جب محمد شفیع کی دردناک کہانی سنائی تو اجلاس میں موجود تمام ملازمین کی آنکھوں میں آنسو آگئے اور اسوسی ایشن کے نمائندوں نے شیرخوار کے نام پر ایک لاکھ روپئے بینک میں ڈپازٹ کرانے کا اعلان کیا۔ اس واقعہ سے اس بات کا ثبوت ملتا ہے کہ دنیا آج بھی ایسے لوگوں سے خالی نہیں ہے، جن کے دل میں غریبوں اور بے سہارا افراد کے لئے ہمدردی پائی جاتی ہے اور وہ ایسے لوگوں کی امداد کے لئے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT