Thursday , September 21 2017
Home / دنیا / حامد انصاری کی کمبوڈیا آمد

حامد انصاری کی کمبوڈیا آمد

فنوم پینہہ  ۔15 ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) نائب صدرجمہوریہ حامد انصاری آج دو ممالک کے چار روزہ دورہ کے سلسلے میں کمبوڈیا پہونچے ۔ فنوم پینہہ انٹرنیشنل ایرپورٹ پر وزیراطلاعات کھیو کنھاریتا اور ہندوستانی سفیر نوین سریواستو نے خیرمقدم کیا۔ نائب صدرجمہوریہ کمبوڈیا اور لاؤس کا چار روزہ دورہ کررہے ہیں ۔ وہ ان دونوں ممالک کی قیادت سے ملاقات کرتے ہوئے باہمی روابط کو مستحکم اور توقع سے کم باہمی تجارت کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کریں گے ۔ہندوستان کی آسیان کے ساتھ بڑھتی پارٹنرشپ کے تناظر میں یہ دورہ کیا جارہا ہے ۔ نائب صدرجمہوریہ آج صبح کمبوڈیا کے دارالحکومت فنوم کیلئے روانہ ہوئے ۔ ہندوستان کے نائب صدر جمہوریہ پہلی مرتبہ لاؤس کا دورہ کررہے ہیں ۔ سکریٹری ایسٹ انیل وردھن نے کل ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھاکہ دو ترقی پذیر معیشتوں کمبوڈیا اور لاؤس کا یہ دورہ ہمارے آسیان علاقہ کے ممالک سے بڑھتی پارٹنرشپ کا ثبوت ہے اس کے لئے یہ ’’مشرقی سمت توجہ دینے کی پالیسی ‘‘ کا بھی حصہ ہے ۔ نائب صدرجمہوریہ حامد انصاری نے وزیراعظم ہون سین کی دعوت پر کمبوڈیا کے دورہ کا فیصلہ کیا ہے ۔وہ باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کریں گے جو توقع سے کافی کم ہے ۔ کمبوڈیا ایک ترقی پذیر ملک ہے جہاں کی شرح ترقی گزشتہ چند سال کے دوران تقریباً 7 فیصد رہی۔ وہ بھی ہندوستان کی طرح ایک ایسا ملک ہے جہاں ترقی کے بھرپور مواقع پائے جاتے ہیں اور اسے بھی انسانی وسائل کی ترقی کیلئے مواقع کی تلاش ہے ۔ سکریٹری ایسٹ انیل ودھوا نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ ہم کمبوڈیا کو یہ یقین دہانی کروائیں گے کے اس سفر میں ہندوستان ایک اہم ساجھے دار بن سکتا ہے ۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT