Monday , August 21 2017
Home / شہر کی خبریں / حجاج کرام کی آج سے واپسی ، ڈپٹی چیف منسٹر خیر مقدم کریں گے

حجاج کرام کی آج سے واپسی ، ڈپٹی چیف منسٹر خیر مقدم کریں گے

شمس آباد حج ٹرمنل پر خصوصی انتظامات ، پہلا قافلہ صبح 8 بجکر 35 منٹ پر پہنچے گا
حیدرآباد۔/13اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حج کمیٹی کے ذریعہ حیدرآباد سے روانہ حجاج کرام کی واپسی کا آغاز کل 14اکٹوبر سے ہوگا۔ مدینہ منورہ سے ایر انڈیا کی 16 خصوصی پروازوں کے ذریعہ 5451 حجاج کرام 20 اکٹوبر تک وطن واپس ہوجائیں گے۔ حجاج کرام کا پہلا قافلہ  چہارشنبہ کی صبح 8بجکر 35منٹ پر شمس آباد انٹر نیشنل ایرپورٹ پہنچے گا۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی، سکریٹری اقلیتی بہبود جی ڈی ارونا، اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور اور دیگر عہدیدار پہلے قافلہ کا استقبال کریں گے۔ شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ کے حج ٹرمنل میں حجاج کرام کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ تلنگانہ حکومت نے مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں حجاج کرام کو بہتر سہولتوں کی فراہمی کی ہدایت دی۔ اس کے علاوہ حج ٹرمنل کے باہر وزیٹرس کیلئے واٹر پروف شیڈ تعمیر کیا گیا ہے۔ ایر انڈیا نے فلائیٹس کے اوقات سے عوام اور حجاج کرام کے رشتہ داروں کو واقف کرانے کیلئے ہیلپ لائن نمبر جاری کیا ہے۔ چہارشنبہ کے دن جملہ 3 قافلے حیدرآباد واپس ہوں گے اور ہر قافلہ میں 340حجاج کرام ہوں گے۔ دوسرا قافلہ رات 8 بجکر 35 منٹ پر حیدرآباد پہنچے گا جبکہ تیسرا قافلہ رات دیر گئے 2بجکر 35منٹ پر وطن واپس ہوگا۔ 15 اور 16اکٹوبر کو دو، دو قافلے واپس ہوں گے جبکہ 17اور 18اکٹوبر کو 3قافلے وطن واپس ہوں گے۔ 19کو ایک قافلہ حیدرآباد واپس ہوگا جبکہ آخری دن 20 اکٹوبر کو دو قافلے حیدرآباد واپس ہوں گے۔ حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے علاوہ کرناٹک کے 5اضلاع کے حجاج کرام روانہ ہوئے تھے۔ اسی دوران اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے حج کمیٹی کے عہدیداروں کے ساتھ آج حج ٹرمنل کا دورہ کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے بتایا کہ پہلی مرتبہ حجاج کرام کی سہولت کیلئے کنویر بیلٹ کی سہولت فراہم کی گئی ہے تاکہ حجاج کرام کو سامان اٹھانے کی زحمت سے بچایا جاسکے۔ اس کے علاوہ نماز گاہ اور وضو خانہ کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ وزیٹرس اور رشتہ داروں کیلئے علحدہ پارکنگ کا انتظام رہے گا۔ اضلاع سے تعلق رکھنے والے حجاج کرام اگر حج ہاوز میں قیام کے خواہاں ہوں تو وہ آر ٹی سی کی خصوصی بس سے حج ہاوز پہنچ سکتے ہیں۔ اسپیشل آفیسر نے بتایا کہ حج کمیٹی کے ذریعہ روانہ ہوئے تمام حجاج کرام مدینہ منورہ میں خیریت سے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حج کے موقع پر پیش آئے دو سانحات میں ہندوستان کے جملہ 114حجاج کرام جاں بحق ہوئے جن میں حج کمیٹی کے 3 حجاج شامل ہیں جن میں 2کرین سانحہ میں جبکہ ایک بھگدڑ کے سانحہ میں جاں بحق ہوئے۔ کونسل جنرل جدہ نے 14ہندوستانی حجاج کرام کے لاپتہ ہونے کی فہرست جاری کی ہے ان میں ایک کا تعلق بھی حج کمیٹی سے نہیں ہے۔ بھگدڑ کے واقعہ کے بعد جو حجاج کرام لاپتہ تھے اُن کا پتہ چل چکا ہے اور وہ مدینہ منورہ میں قیام پذیر ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مدینہ منورہ ایرپورٹ پر بھی حجاج کیلئے تمام سہولتیں فراہم کی گئیں اسی طرح حج ٹرمنل حیدرآباد میں تمام سرکاری اُمور کی عاجلانہ تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا۔ ایر انڈیا کے عہدیداروں نے حج کمیٹی کو تیقن دیا کہ تمام پروازیں مقررہ وقت پر چلائی جائیں گی اور مدینہ منورہ سے فلائیٹ کی روانگی کے ساتھ ہی حج کمیٹی کو اس کی اطلاع کردی جائے گی۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی اور سکریٹری اقلیتی بہبود جی ڈی ارونا نے اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس اے شکور سے انتظامات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے حجاج کرام اور وزیٹرس کیلئے پینے کے پانی کا انتظام کرنے کا مشورہ دیا۔

TOPPOPULARRECENT