Monday , August 21 2017
Home / شہر کی خبریں / حجاج کرام کی روانگی و واپسی کے انتظامات اطمینان بخش ، تمام محکمہ جات سے اظہار تشکر

حجاج کرام کی روانگی و واپسی کے انتظامات اطمینان بخش ، تمام محکمہ جات سے اظہار تشکر

عنقریب تہنیتی تقریب ، ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی سے اسپیشل آفیسر حج کمیٹی کی ملاقات
حیدرآباد ۔ 21۔ اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ حج کمیٹی نے حج 2015 ء میں حجاج کرام کی روانگی اور واپسی کے موقع پر بہترین انتظامات کے ساتھ تعاون کرنے والے تمام محکمہ جات کو تہنیت پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس سلسلہ میں بہت جلد تقریب منعقد کی جائے گی جس میں مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کو بہترین کارکردگی کیلئے توصیف نامے پیش کئے جائیں گے۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے اس سلسلہ میں ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی سے بات چیت کی۔ سابق میں حج سیزن کے اختتام کے بعد حج کمیٹی کی جانب سے تمام متعلقہ محکمہ جات کے عہدیداروں کو تہنیت پیش کی جاتی رہی لیکن گزشتہ دو برسوں سے اس طرح کی کوئی تقریب منعقد نہیں کی گئی۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے مشورہ دیا کہ دسہرہ کی تعطیلات کے بعد تقریب منعقد کی جائے جس میں جی ایم آر ، کسٹمس ، امیگریشن ، سی آئی ایس ایف ، ایرپورٹ اتھاریٹی عہدیداروں کے علاوہ پولیس ، میونسپل کارپوریشن ، برقی، میڈیکل اینڈ ہیلتھ اور دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں کو تہنیت پیش کی جائے ۔

 

اسی دوران اسپیشل آفیسر حج کمیٹی نے حج سیزن کے کامیاب انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا۔ گزشتہ تین برسوں سے حج کمیٹی کے اسپیشل آفیسر کے فرائض انجام دینے والے پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ جاریہ سال حجاج کرام کی روانگی اور واپسی ان کے لئے کسی چیلنج سے کم نہیں تھا۔ صرف 8 دن میں 16 فلائیٹس کی روانگی کے سبب حج کمیٹی کے عہدیداروں اور ملازمین کو دن رات محنت کرنی پڑی تاکہ بہتر سے بہتر انتظامات کئے جاسکیں۔ انہوں نے ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی ، سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل ، ڈائرکٹر اقلیتی بہبود ایم جے اکبر اور دیگر عہدیداروں کے تعاون پر اظہار تشکر کیا اور کہا کہ حکومت کے مکمل تعاون کے سبب حج کیمپ کا کامیاب  انعقاد ممکن ہوسکا۔

TOPPOPULARRECENT