Thursday , August 17 2017
Home / شہر کی خبریں / حجاج کرام کی مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ آمد، چہارشنبہ سے واپسی

حجاج کرام کی مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ آمد، چہارشنبہ سے واپسی

ناظر رباط سے اظہارتشکر، انتظامات کی ستائش، اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی کا بیان
حیدرآباد۔/10اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حج کمیٹی کے ذریعہ حیدرآباد سے روانہ ہوئے تمام حجاج کرام مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں۔ تلنگانہ، آندھرا پردیش اور کرناٹک کے 5اضلاع سے تعلق رکھنے والے حجاج کرام 16قافلوں کے ذریعہ مدینہ منورہ پہنچے اور آج آخری قافلہ مکہ سے روانہ ہوا۔ حجاج کرام نے کعبتہ اللہ میں وداعی طواف اور خصوصی دعاؤں کے بعد مدینہ منورہ کا رُخ کیا جہاں آمد کے ساتھ ہی انہوں نے بارگاہ نبویؐ میں حاضری دی۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے تمام حجاج کرام کی مدینہ منورہ آمد پر اطمینان کا اظہار کیا اور خادم الحجاج کو ہدایت دی کہ وہ واپسی تک اپنی ذمہ داریوں کو پوری تندہی کے ساتھ انجام دیں۔ مدینہ منورہ میں چونکہ موسم خوشگوار ہے لہذا حجاج کرام بھی کافی راحت محسوس کررہے ہیں۔ حجاج کرام کی وطن واپسی کا 14اکٹوبر سے آغاز ہوگا جو 20اکٹوبر تک جاری رہے گا۔ ایر انڈیا کی خصوصی پروازوں کے ذریعہ حجاج کرام حیدرآباد واپس ہوں گے۔ 17واں قافلہ ایر انڈیا کی ریگولر فلائیٹ سے حیدرآباد واپس ہوگا۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی نے بتایا کہ پہلے قافلہ کے حجاج کرام نے واپسی کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ حجاج کرام سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ زم زم ساتھ لانے کی زحمت نہ کریں کیونکہ حیدرآباد ایرپورٹ پر انہیں پانچ لیٹر زم زم فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ حج ٹرمنل کے انتظامات تقریباً مکمل ہوچکے ہیں اور اضلاع سے تعلق رکھنے والے حجاج  اگر حج ہاوز میں قیام کے خواہاں ہوں تو ان کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ بعض اضلاع کے حجاج کرام جو ٹرین سے واپس ہوتے ہیں وہ ایک دن حج ہاوز میں قیام کو ترجیح دیتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ضرورت پڑنے پر ایسے حجاج کرام کیلئے حج کمیٹی طعام کا انتظام کرے گی۔ اسی دوران ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے مدینہ منورہ میں حجاج کرام کی خیریت دریافت کی اور حج ٹرمنل میں تمام انتظامات کی ہدایات دیں۔ انہوں نے ناظر رباط حسین محمد الشریف سے اظہار تشکر کیا جنہوں نے 600حجاج کرام کے قیام کے علاوہ مفت طعام کے انتظامات کئے تھے۔ رباط میں مقیم حجاج کرام نے ناظر کے انتظامات کی ستائش کی۔

TOPPOPULARRECENT