Friday , August 18 2017
Home / شہر کی خبریں / حجاج کرام کی واپسی کاکل سے آغاز ‘ ائرپورٹ پر انتظامات مکمل

حجاج کرام کی واپسی کاکل سے آغاز ‘ ائرپورٹ پر انتظامات مکمل

حیدرآباد۔12 اکٹوبر (سیاست نیوز) مدینہ منورہ سے تلنگانہ اور آندھراپردیش کے حجاج کرام کی واپسی کا 14 اکٹوبر سے آغاز ہوگا اور حیدرآباد انٹرنیشنل ایرپورٹ کے خصوصی حج ٹرمینل میں تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ تلنگانہ حج کمیٹی سے روانہ حجاج کرام روزانہ 2 تا 3 ایر انڈیا کی پروازوں کے ذریعہ وطن واپس ہوں گے اور 16 فلائٹس 20 اکٹوبر تک حجاج کرام کی واپسی کا عمل مکمل کرلیں گی۔ حجاج کرام کا پہلا قافلہ 14 اکٹوبر کی صبح 8 بجکر 40 منٹ پر حیدرآباد پہنچے گا۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی، سکریریٹری اقلیتی بہبود شریمتی جی ڈی ارونا، اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور اور دیگر عہدیدار پہلے قافلے کا استقبال کریں گے۔ حج ٹرمینل میں ایمگریشن، کسٹمس، جی ایم آر، سی آئی ایس ایف، ایر انڈیا اور دیگر متعلقہ اداروں کی جانب سے انتظامات مکمل کرلیئے گئے۔ ٹرمینل میں پہلی مرتبہ بیاگیج کی منتقلی کے لئے بیلٹ کی سہولت فراہم کی گئی اور ٹرمینل کو ایرکنڈیشنڈ کیا گیا ہے۔ متعلقہ محکمہ جات کے عہدیدار 13 اکٹوبر کو انتظامات کا ریہرسل کریں گے۔ حجاج کرام کے لئے ٹرمینل میں علیحدہ نماز گاہ کا انتظام کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ پہلی مرتبہ ویزیٹرس کے لئے واٹر پروف شیڈ تعمیر کیا گیا۔ فلائٹس کے اوقات کے اعلان کے علاوہ ویزیٹرس کے لئے ڈسپلے بورڈ نصب کیا جائے گا۔ ویزیٹرس کے لئے نماز گاہ اور وضو خانے کا انتظام کیا گیا ہے۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی ایس اے شکور نے بتایا کہ ایرانڈیا ایک ہفتے میں تمام قافلوں کی واپسی کا عمل مکمل کرلے گا اور حکام نے تیقن دیا ہے کہ تمام فلائٹس مقررہ وقت پر چلائی جائیں گی۔ ایر انڈیا نے حجاج کرام کے لئے زم زم پہلے ہی حیدرآباد منتقل کردیا اور ایرپورٹ پر ہر حاجی کو 5 لیٹر کا کیان مفت دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ حجاج کرام کا دوسرا قافلہ چہارشنبہ کی رات 10 بجکر 20 منٹ پر حیدرآباد پہنچے گا جبکہ تیسرا قافلہ رات 12 بجکر 20 منٹ پر لینڈ کرے گا۔ 15 اکٹوبر کو دوپہر 2 بجکر 35 منٹ پر اور رات 10 بجکر 20 منٹ پر دو قافلے حیدرآباد پہنچیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ایرانڈیا کی خصوصی فلائٹس کے علاوہ 13 حجاج کرام ریگولر فلائٹس سے حیدرآباد واپس ہوں گے۔ حج کمیٹی اور تلنگانہ حکومت نے حجاج کرام کے لئے تمام سہولتوں کی فراہم کا فیصلہ کیا ہے۔ اضلاع سے تعلق رکھنے والے حجاج کرام اگر چاہیں تو حج ہاوز میں قیام کرسکتے ہیں۔ ان کے لئے ایرپورٹ سے آر ٹی سی کی خصوصی بس کا انتظام رہے گا۔

TOPPOPULARRECENT