Saturday , September 23 2017
Home / شہر کی خبریں / حجاج کرام کی واپسی کا 14 اکٹوبر سے آغاز

حجاج کرام کی واپسی کا 14 اکٹوبر سے آغاز

شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ حج ٹرمنل میں انتظامات تیزی سے جاری
حیدرآباد۔/9اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے حج کمیٹی سے روانہ حجاج کرام کی واپسی کا 14اکٹوبر سے آغاز ہوگا اور شمس آباد انٹر نیشنل ایرپورٹ کے حج ٹرمنل میں انتظامات تیزی سے جاری ہیں۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے آج حج ٹرمنل کا دورہ کرتے ہوئے مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جس میں حجاج کرام کی واپسی کے انتظامات کو قطعیت دی گئی۔ جی ایم آر، سی آئی ایس ایف، کسٹمس، ایمیگریشن، ایر انڈیا اور دیگر متعلقہ محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں نے جائزہ اجلاس میں شرکت کی اور انتظامات کی تفصیلات بیان کیں۔ حجاج کرام کا پہلا قافلہ 14اکٹوبر کی صبح 8بجکر 40منٹ پر حیدرآباد پہنچے گا اور ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی پہلے قافلہ کا استقبال کریں گے۔ حج ٹرمنل میں حجاج کرام اور ٹرمنل کے باہر وزیٹرس کیلئے تمام بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو قطعیت دی گئی ہے اور 12اکٹوبر کو انتظامات مکمل کرلئے جائیں گے۔ ایمیگریشن حکام نے خواتین، مرد اور ضعیف افراد کیلئے علحدہ علحدہ کاؤنٹرس کے قیام سے اتفاق کرلیا۔ سامان کی منتقلی کیلئے پہلی مرتبہ کنوینر بیلٹ کا انتظام کیا گیا ہے اور حجاج کرام کو فی کس 5 لیٹر زم زم کی فراہمی کیلئے خصوصی کاؤنٹر قائم رہے گا۔ حجاج کی تعداد کے مطابق زم زم کے کیان حیدرآباد پہنچ چکے ہیں اور اسپیشل آفیسر حج کمیٹی نے انہیں محفوظ کئے گئے مقام کا معائنہ کیا۔ ایر انڈیا نے فلائیٹ کے اوقات کے سلسلہ میں ٹول فری نمبر جاری کرنے سے اتفاق کیا تاکہ حجاج کرام کے رشتہ دار ایرپورٹ پہنچنے سے قبل طیارے کی آمد کا وقت معلوم کرسکیں۔ ٹرمنل کے باہر وزیٹرس کیلئے فلائیٹ کے اوقات پر مشتمل ڈسپلے بورڈ نصب کیا جائے گا۔ جی ایم آر نے وزیٹرس کیلئے شامیانے کے بجائے واٹر پروف شیڈ نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیٹرس کیلئے نماز گاہ، وضو خانے اور ٹائیلٹس کا بھی انتظام کیا جارہا ہے۔ مَردوں اور خواتین کیلئے علحدہ نماز گاہ موجود رہیں گی۔ کرنسی کی تبدیلی کیلئے بینک کاؤنٹر قائم کیا جائے گا۔ ٹرمنل سے آر ٹی سی بس کا انتظام رہے گا اور اضلاع کے حجاج کرام جو حج ہاوز میں ایک دن قیام کے خواہشمند ہوں وہ بس کے ذریعہ حج ہاوز پہنچ سکتے ہیں۔ حج کمیٹی نے حج ہاوز میں حجاج کرام کے قیام کے انتظامات کئے ہیں۔ عام طور پر اضلاع کے عازمین جو ٹرین سے واپس ہوتے ہیں وہ حج ہاوز میں قیام کرتے ہوئے دوسرے دن روانہ ہوتے ہیں۔ اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ عہدیداروں نے حجاج کرام کے گمشدہ بیاگیجس کو حج کمیٹی کے حوالے کرنے سے اتفاق کیا جنہیں شناخت کے بعد حج ہاوز سے جاری کیا جائے گا۔ انہوں نے حج ٹرمنل میں جاری انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ حجاج کرام کے 16قافلے20اکٹوبر تک حیدرآباد واپس ہوجائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ مدینہ منورہ میں تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے حجاج کرام خیریت سے ہیں۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT