Monday , August 21 2017
Home / شہر کی خبریں / حجاج کرام کے آخری قافلوں کی آج آمد ، حجاج کو زم زم کی پیشکشی

حجاج کرام کے آخری قافلوں کی آج آمد ، حجاج کو زم زم کی پیشکشی

خاتون حاجی کی علالت پر شریک دواخانہ ، حجاج سے پروفیسر ایس اے شکور کی ملاقات
حیدرآباد ۔ 19۔ اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ حج کمیٹی کے حجاج کرام کے 14 قافلے آج تک وطن واپس ہوچکے ہیں جس کے ذریعہ 4735 حجاج کرام مدینہ منورہ سے حیدرآباد واپس ہوئے۔ حجاج کرام کی واپسی کا 14 اکتوبر کو آ غاز ہوا تھا اور آج پیر کے دن ایک قافلہ کی آمد کے بعد اب تک جملہ 14 قافلوں کی واپسی مکمل ہوچکی ہے۔ اس طرح تلنگانہ، آندھراپردیش اور کرناٹک کے حجاج کرام کی واپسی کا عمل اختتامی مرحلہ میں داخل ہوچکا ہے۔ 20 اکتوبر کو 2 قافلے واپس ہوں گے جو حج کمیٹی کے ذریعہ روانہ ہوئے حجاج کے آخری قافلے ہوں گے ، اس طرح حجاج کرام کی واپسی کا عمل مکمل ہوجائے گا ۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے آج پہنچنے والے 14 ویں قافلہ کا شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پر استقبال کیا۔ یہ قافلہ صبح ساڑھے دس بجے ایر انڈیا کی خصوصی پرواز سے حیدرآباد واپس ہوا۔ انہوں نے تمام حجاج کرام سے فرداً فرداً ملاقات کی اور فریضہ حج کی تکمیل پر مبارکباد پیش کی۔ حجاج کرام نے حج کمیٹی کے انتظامات کی ستائش کی۔ اسپیشل آفیسر نے بتایا کہ 14قافلوں کے ذریعہ 4817 حجاج کرام کی واپسی ہونی تھی لیکن 10 حجاج کرام کا انتقال ہوا جبکہ 14 حجاج کرام مقررہ وقت سے قبل وطن واپس ہوگئے۔ آج صبح فلائیٹ میں پہنچنے والی ایک خاتون حاجی پیاری جان ساکن وجئے واڑہ کی اچانک طبیعت بگڑ گئی ، انہیں ایرپورٹ کے قریب اپولو ہاسپٹل میں شریک کیا گیا جہاں حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ گزشتہ دو دنوں میں آندھراپردیش سے تعلق رکھنے والے 58 حجاج کرام نے حج ہاؤز میں توقف کیا۔ اور دوسرے دن واپس ہوئے ۔ حج کمیٹی کی جانب سے ان کیلئے رہائش کے علاوہ طعام کا انتظام کیا گیا تھا ۔ صبح کی فلائیٹ میں کرین سانحہ میں جاں بحق مچھلی پٹنم ضلع کرشنا کے حجاج کرام عبدالقادر اور فاطمہ بیگم کے رشتہ دار حیدرآباد واپس ہوئے۔ ان کے ساتھ دو رشتہ دار موجود تھے جبکہ ایک رشتہ دار کو حج کمیٹی نے جاں بحق حجاج کی تدفین کے سلسلہ میں مکہ مکرمہ روانہ کیا تھا۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی نے عبدالقادر مرحوم کے والد کو سامان اور زم زم حوالے کیا ۔ دیگر حجاج کرام کو بھی فی کس 5 لیٹر زم زم سربراہ کیا گیا ۔ منگل کے دن دو قافلوں کی آمد کے ساتھ ہی حجاج کرام کی واپسی کا عمل مکمل ہوجائے گا۔

TOPPOPULARRECENT