Thursday , September 21 2017
Home / شہر کی خبریں / حجاج کرام کے آٹھ قافلوں کی آمد، آج سے آندھراپردیش کے حجاج کی واپسی کا آغاز

حجاج کرام کے آٹھ قافلوں کی آمد، آج سے آندھراپردیش کے حجاج کی واپسی کا آغاز

تلنگانہ حج کمیٹی اور حج انتظامات کی ستائش، آب زم زم پر سکریٹری اقلیتی بہبود کا سخت گیر اقدام
حیدرآباد۔/8اکٹوبر، ( سیاست نیوز) فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد حجاج کرام کے 8 قافلے آج رات تک وطن واپس ہوچکے ہیں۔ گذشتہ 4دنوں میں 8قافلوں کے ذریعہ جملہ 2711 حجاج کرام واپس ہوچکے ہیں۔ 5اکٹوبر سے حجاج کرام کی واپسی کا آغاز ہوا تھا۔ آج ہفتہ کے دن 4قافلے مدینہ منورہ سے حیدرآباد واپس ہوئے اور اس طرح تلنگانہ کے حجاج کرام کی واپسی کا عمل مکمل ہوگیا۔ 9 اکٹوبر سے آندھرا پردیش کے حجاج کرام کی واپسی شروع ہوگی۔ آج کے چاروں قافلوں کا اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے استقبال کیا۔ صبح کا پہلا قافلہ نصف گھنٹہ تاخیر سے پہنچا جس میں 339 حجاج کرام تھے جبکہ دوسرا قافلہ 340 حجاج پر مشتمل صبح 5بجکر 30منٹ پر مقررہ وقت کے بجائے نصف گھنٹہ پہلے ہی ایر پورٹ پہنچا اور دونوں قافلوں کے حجاج کرام کے ایک ساتھ ٹرمنل میں آنے سے کسی قدر دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ ایر انڈیا کی پہلی فلائیٹ جیسے ہی ایر پورٹ پہنچی بارش کا آغاز ہوگیا جس کے باعث حجاج کرام کچھ دیر تک طیارہ میں ہی رُکے رہے۔ وہ جیسے ہی حج ٹرمنل پہنچے دوسری فلائیٹ نے لینڈ کیا اور پہلے قافلہ کے کلیئرنس سے پہلے ہی دوسرا قافلہ ٹرمنل میں داخل ہوچکا تھا۔ پروفیسر ایس اے شکور نے ساتھی عہدیداروں کے ذریعہ ضروری اُمور کی عاجلانہ یکسوئی کی کوشش کی۔ اس طرح دونوں قافلوں کے حجاج کرام جلد اپنے مکانات واپس ہوگئے۔ حجاج کرام نے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں سعودی حکومت اور انڈین حج مشن کے انتظامات کی ستائش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ تلنگانہ حج کمیٹی کی جانب سے جو ٹریننگ کیمپس منعقد کئے گئے تھے اس سے فریضہ حج کی ادائیگی میں کافی مدد ملی۔ انہوں نے کہاکہ حج کمیٹی کی رہنمائی دونوں مقامات پر قیام کے دوران بھی کارآمد ثابت ہوئی۔ آندھرا پردیش کے حجاج کرام کیلئے ان کی حج کمیٹی نے ٹریننگ کیمپس منعقد نہیں کئے تھے تاہم تلنگانہ کے خادم الحجاج نے ان کی رہنمائی کی۔ مدینہ منورہ سے ابھی تک حجاج کے 8 قافلے وطن واپس ہوچکے ہیں اور اب 7 قافلوں کی واپسی باقی ہے۔ اتوار 9 اکٹوبر کو 2 قافلے واپس ہوں گے۔ پہلا قافلہ  2:30 بجے دن اور دوسرا قافلہ رات 11:30 بجے شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پہنچے گا۔ پیر10اکٹوبر کو 2 اور منگل 11 اکٹوبر کو 3 قافلوں کی واپسی سے حجاج کرام کی واپسی کا عمل مکمل ہوجائیگا۔ تلنگانہ حج کمیٹی نے حجاج کی آمد کے موقع پر تمام متعلقہ محکمہ جات سے بہتر خدمات کو یقینی بنانے کے انتظامات کئے۔ ایر پورٹ پر حجاج کو فی کس 5 لیٹر زم زم کا کیان حوالے کیا گیا۔ اسی دوران ایر پورٹ پر ایر انڈیا کی غفلت سے 140 زم زم کیانس کے غائب ہوجانے کے معاملہ کو سنٹرل حج کمیٹی اور وزارت اقلیتی اُمور سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT