Sunday , October 22 2017
Home / شہر کی خبریں / حج انتظامات کیلئے تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے اعلیٰ عہدیداران کا اجلاس

حج انتظامات کیلئے تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے اعلیٰ عہدیداران کا اجلاس

آندھرا پردیش عازمین کے لیے بہتر انتظامات ، تلنگانہ حج کمیٹی کو 30 لاکھ روپئے جاری
حیدرآباد ۔ 8 ۔ اگست (سیاست نیوز) حج 2017 ء کے انتظامات کے سلسلہ میں تلنگانہ اور آندھراپردیش کے اعلیٰ عہدیداروں کا اجلاس آج حیدرآباد میں منعقد ہوا۔ حکومت کے مشیر برائے اقلیتی امور اے کے خاں ، سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل ، اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور کے علاوہ آندھراپردیش کے پرنسپل سکریٹری اقلیتی بہبود پراوین کمار اور اگزیکیٹیو آفیسر آندھراپردیش حج کمیٹی لیاقت علی اور دوسرے اجلاس میں شریک تھے۔ جاریہ سال آندھراپردیش کے عازمین حج کی حیدرآباد سے روانگی کے پیش نظر مشترکہ طور پر انتظامات کا فیصلہ کیا گیا ہے اور عازمین کی تعداد کے اعتبار سے اخراجات کی پابجائی آندھراپردیش حج کمیٹی کرے گی ۔ تلنگانہ حج کمیٹی کو پیشگی رقم کے طور پر 30 لاکھ روپئے جاری کئے گئے ہیں ۔ پرنسپل سکریٹری آندھراپردیش پراوین کمار نے حج انتظامات کے سلسلہ میں مکمل تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ گزشتہ سال کی طرح تلنگانہ حج کمیٹی کے انتظامات سے آندھراپردیش حکومت مطمئن ہے۔ انہوں نے کہا کہ آندھراپردیش حج کمیٹی انتظامات کے سلسلہ میں تلنگانہ کے عہدیداروں سے تعاون کرے گی۔ اجلاس کے بعد دونوں ریاستوں کے عہدیداروں نے حج ہاؤز کا دورہ کیا اور حج کیمپ کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ عہدیداروں نے حج ہاؤز کی عمارت میں زائد حاجیوں کی رہائش کو یقینی بنانے کیلئے مزید کمرے قائم کرنے کی ہدایت دی ہے۔ آندھراپردیش وقف بورڈ اور اقلیتی فینانس کارپوریشن کو ہدایت دی گئی کہ وہ دو منزلوں کے بجائے ایک منزل پر موجود دفاتر کو اپنی تحویل میں رکھتے ہوئے دیگر دفاتر کا تخلیہ کردیں تاکہ عازمین کی رہائش کا انتظام ہوسکے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ حج ہاؤز کی عمارت کے علاوہ زیر تعمیر کامپلکس کی تین منزلوں میں رہائش کے انتظامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے حج کیمپ اور طعام و قیام کے انتظامات کی تفصیلات بیان کی ۔ حج ہاؤز کے دورہ کے موقع پر صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم بھی موجود تھے اور انہوں نے وقف بورڈ کی جانب سے ہر ممکن سہولتیں فراہم کرنے کا تیقن دیا ہے ۔ حج کیمپ اور دیگر سہولتوں کا جائزہ لینے کے بعد آندھراپردیش کے عہدیداروں نے اطمینان کا اظہار کیا ۔ واضح رہے کہ 11 اگست سے حج کیمپ کا آغاز ہوگا اور 13 اگست کی رات دیر گئے پہلا قافلہ جدہ کیلئے پرواز کرے گا۔ حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے روانہ ہونے والے عازمین حج حالت احرام میں روانہ ہوں گے ۔ 22 اگست تک سعودی ایرلائینس کی 14 پروازوں کے ذریعہ عازمین کے قافلوں کی روانگی عمل میں آئے گی۔ 17 تا 20 اگست آندھراپردیش کے عازمین کے قافلے روانہ ہوں گے۔ سکریٹری ا قلیتی بہبود عمر جلیل نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ مرکزی حکومت کے رہنمایانہ خطوط کی بنیاد پر کیمپ اور اس کے اطراف سیکوریٹی کے مناسب انتظامات کئے جائیں۔

 

TOPPOPULARRECENT