Tuesday , August 22 2017
Home / ہندوستان / حج اُمور پر قطر کے موقف کی مذمت : مولانا بخاری

حج اُمور پر قطر کے موقف کی مذمت : مولانا بخاری

نئی دہلی، 3اگست(سیاست ڈاٹ کام )دہلی جامع مسجد کے شاہی امام مولاناسید احمد بخاری نے قطرپرحج کے معاملے میں سیاست کرنے کاالزام عائدکرتے ہوئے کہا کہ خلیجی تعاون کونسل کے چھ اسلامی ممالک نے قطر کا بائیکاٹ کر رکھا ہے ۔ قطر نے حال ہی میں حرمین شریفین کا انتظام کسی عالمی ادارے کو سونپنے کا مطالبہ کیا تھا ۔ اُنھوں نے کہاکہ اس کا مقصد عالم اسلام میں انتشار و اختلاف پیدا کرانا اور حج کے سیزن یا عمرہ کے سیزن میں بدانتظامی کا ماحول پیدا کرنا ہے ۔ سعودی عرب نے قطر کے اس مطالبے کو اپنے خلاف اعلان جنگ قرار دیا ہے اور وقت آنے پر کارروائی کرنے کی بات کہی ہے ۔مولانابخاری نے یہاں جاری ایک پریس ریلیز میں کہاکہ قطر کی یہ خطرناک سازشیں نئی نہیں بلکہ تقریبا 20 برسوں سے یہ سلسلہ چل رہا تھا۔ حکومت سعودی عربیہ اور دیگر ممالک ایک عرصے سے صبرسے کام لے رہے تھے ۔ قطر کی سازش کا خطرناک پہلو یہ ہے کہ وہ حرمین شریفین کیلئے خطرہ بن چکاہے ۔ دنیا کا کوئی بھی مسلمان قطعاً یہ نہیں برداشت کرے گاکہ اس پاک سرزمین کو دنیا کا کوئی ملک سیاسی اکھاڑہ بنائے ۔

گجرات کے کچھ میں زلزلے کے جھٹکے ، کوئی نقصان نہیں
بھج، 3 اگست (سیاست ڈاٹ کام ) گجرات کے کچھ ضلع میں آج صبح درمیانی شدت کے زلزلے کا ایک جھٹکا محسوس کیا گیا۔بھچاؤسے نو کلومیٹر شمال مشرق میں مرکوز اس زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 3.4 تھی اور اسے صبح چار بج کر 37 منٹ پر محسوس کیا گیا۔ اس سے جان ومال کا نقصان نہیں ہوا۔زلزلے کے نقطہ نظر سے انتہائی حساس کچھ علاقے میں اس سال اب تک 67 ہلکے یا درمیانے درجے کے جھٹکے محسوس کئے جا چکے ہیں جن میں سے سب سے تیز 4.7 شدت کا تھا جسے نو جنوری کو محسوس کیا گیا اور جو ضلع کے لکھپت سے 49 کلومیٹر مشرق شمال میں مرکوز تھا، واضح رہے کہ ضلع کچھ میں جنوری 2001 میں تباہ کن زلزلے سے زبردست تباہی ہوئی تھی۔

TOPPOPULARRECENT