Saturday , August 19 2017
Home / شہر کی خبریں / حج درخواست فارمس کی کل اجرائی

حج درخواست فارمس کی کل اجرائی

اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس اے شکور کا بیان
حیدرآباد۔/12جنوری، ( سیاست نیوز) ڈائرکٹر جنرل اینٹی کرپشن بیورو اے کے خاں 14جنوری کو 11بجے دن حج ہاوز نامپلی میں حج 2016کے درخواست فارمس جاری کریں گے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل مہمان خصوصی ہوں گے جبکہ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود محمد جلال الدین اکبر اور منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن بی شفیع اللہ مہمانان اعزازی ہوں گے۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ ملک بھر میں حج 2016کے درخواست فارمس کی اجرائی کا 14جنوری سے آغاز ہورہا ہے اور 8فروری تک درخواستیں قبول کی جائیں گی۔ انہوں نے آج حیدرآباد میں ڈسٹرکٹ حج کمیٹیوں اور سوسائٹیز کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جس میں ہر ضلع کیلئے حج فارمس جاری کئے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ درخواست فارم آن لائن یا پھر راست طور پر حج کمیٹی یا متعلقہ اضلاع میں ضلع حج کمیٹی کے پاس داخل کئے جاسکتے ہیں۔ فارم کی زیراکس کاپیاں بھی قابل قبول ہوں گی۔ انہوں نے بتایا کہ آن لائن درخواستوں کے ادخال میں جاریہ سال مزید شرائط میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے حج کمیٹی کی جانب سے عازمین کی سہولت کیلئے انتظامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ حج کمیٹی کی جانب سے جاریہ سال بھی آندھرا پردیش کے عازمین کیلئے انتظامات کئے جائیں گے۔ حج کمیٹی کے عہدیداروں اور ضلع حج سوسائٹیز کے ذمہ داروں کو سنٹرل حج کمیٹی کی نئی شرائط سے واقف کرایا گیا۔ انہیں عازمین حج کی موثر رہنمائی کی ہدایت دی گئی۔ جاریہ سال درخواستوں کی خانہ پُری کے علاوہ اسنادات کی اسکیاننگ کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ 70سال سے زائد عمر کے عازمین اور مسلسل تین مرتبہ قرعہ اندازی میں منتخب نہ ہونے والے عازمین کو قرعہ اندازی کے بغیر منتخب کیا جائے گا۔ انٹرنیشنل پاسپورٹ 10مارچ 2017تک کارکرد ہونا چاہیئے۔ پہلی قسط کی ادائیگی کیلئے 8اپریل 2016کی مہلت دی گئی ہے جبکہ 5اپریل تک پاسپورٹ، بینک چالان اور میڈیکل سرٹیفکیٹ پیش کرنا ہوگا۔ جاریہ سال وقوف عرفات 10ستمبر مقرر ہے۔ 4اگسٹ سے 5ستمبر تک دو مرحلوں میں عازمین حج کی خصوصی فلائیٹس روانہ ہوں گی۔ پہلے مرحلہ کے عازمین مدینہ منورہ اور دوسرے مرحلہ کے مکہ مکرمہ روانہ ہوں گے۔ جاریہ سال مردم شماری 2011 میں مسلم آبادی کی بنیاد پر ریاستوں کو حج کوٹہ الاٹ کیا جائے گا اور توقع ہے کہ تلنگانہ اور آندھراپردیش کیلئے حج کوٹہ میں اضافہ ہوگا۔

TOPPOPULARRECENT