Thursday , August 24 2017
Home / شہر کی خبریں / حج درخواست گزاروں کے پاسپورٹ امور کی عاجلانہ یکسوئی کا تیقن

حج درخواست گزاروں کے پاسپورٹ امور کی عاجلانہ یکسوئی کا تیقن

ریجنل پاسپورٹ آفیسر سے اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور کی کامیاب نمائندگی
حیدرآباد ۔ 10 ۔ فروری : ( پریس نوٹ) : ریجنل پاسپورٹ آفیسر شریمتی اشوینی ستارو نے حج 2016 کے درخواست گزاروں کو پاسپورٹ کی تیاری اور دیگر ضروری امور کی تکمیل میں ہر ممکنہ مدد دینے کا تیقن دیا ہے ۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے آج ریجنل پاسپورٹ آفیسر سے نمائندگی کرتے ہوئے بتایا کہ حج سیزن 2016 کے لیے درخواستیں داخل کرنے کے لیے اب صرف پانچ دن باقی رہ گئے ہیں اور 15 فروری درخواست داخل کرنے کی آخری تاریخ ہے ۔ بعض خواہش مند عازمین کے پاس یا تو پاسپورٹ تیار نہیں ہیں یا ان میں کچھ اصلاح کی ضرورت ہے ۔ جس کے لیے انہوں نے درخواست دے دی ہے ۔ جس کی عاجلانہ تکمیل پر وہ حج درخواست دینے کے قابل بن سکتے ہیں ۔ انہوں نے ریجنل پاسپورٹ آفیسر کو بتایا کہ بعض درخواست گزاروں کی پولیس کلیرنس رپورٹ وصول ہوچکی ہے ۔ لیکن ان کے پاسپورٹ کی تیاری میں کچھ وقت درکار ہے اور اس کے علاوہ بعض درخواست گزاروں کو 15 فروری کے بعد کا سلاٹ دیا گیا ہے تو ان کے معاملات کی عاجلانہ یکسوئی کی جائے ۔ انہوں نے ایسے درخواست گذاروں کی ایک فہرست بھی ان کو پیش کی ۔ جس پر ریجنل پاسپورٹ آفیسر نے ایسے معاملات کی عاجلانہ یکسوئی کردینے کا تیقن دیا ۔ پروفیسر ایس اے شکور نے مزید بتایا کہ تمام پاسپورٹ ڈیجیٹل پرنٹ کیے ہوئے ہونا چاہئے ، جس کو مشین پر پڑھا جاسکے ، اور کوئی ایسا پاسپورٹ جو ہاتھ سے تحریر کردہ ہو تو اسے قبول نہیں کیا جائے گا ۔ پروفیسر شکور نے مزید کہا کہ تفصیلات کے لیے متعلقہ افراد حج کمیٹی کے دفتر واقع حج ہاوز نامپلی ( فون نمبر 040-23298793 ) سے شخصی طور پر رجوع ہوں ۔ اس ملاقات کے موقعہ پر ڈپٹی پاسپورٹ آفیسر شری مدن موہن اور جناب عرفان شریف حج کمیٹی بھی موجود تھے ۔۔

TOPPOPULARRECENT