Tuesday , June 27 2017
Home / شہر کی خبریں / حج مصارف کی دوسری قسط جمع کروانے عازمین سے خواہش

حج مصارف کی دوسری قسط جمع کروانے عازمین سے خواہش

19 جون آخری تاریخ ۔ جاریہ سال مصارف میں معمولی اضافہ ۔ پروفیسر ایس اے شکور
حیدرآباد۔/30مئی، ( سیاست نیوز) حج 2017 کے عازمین حج کیلئے حج مصارف کی دوسری قسط جمع کرنے کی آخری تاریخ 19جون مقرر کی گئی ہے۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ تلنگانہ کے عازمین حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے سفر مقدس کیلئے روانہ ہوں گے۔ دوسری قسط کے تحت گرین زمرہ کے عازمین کو فی کس ایک لاکھ 54ہزار 150 روپئے ادا کرنے ہوں گے جبکہ عزیزیہ زمرہ کے عازمین کو فی کس ایک لاکھ 20ہزار 800 روپئے ادا کرنا ہوگا۔ شیرخوار بچوں کا کرایہ فی کس 12650 روپئے مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عازمین حج پہلی قسط کے طور پر 81,000 روپئے پہلے ہی جمع کراچکے ہیں۔ اس طرح مجموعی طور پر گرین زمرہ میں 2 لاکھ 35 ہزار 150 روپئے اور عزیزیہ زمرہ کیلئے 2 لاکھ ایک ہزار 800 روپئے کے مصارف ہوں گے۔ جن عازمین کا رباط میں قیام کیلئے انتخاب ہوچکا ہے ان کے مجموعی اخراجات ایک لاکھ 56 ہزار 900روپئے ہیں اور وہ پہلی قسط کے طور پر 81000 ہزار روپئے جمع کرچکے ہیں۔ انہیںدوسری قسط کے طور پر صرف 75 ہزار 900 روپئے ادا کرنے ہوں گے۔ رباط کے منتخب عازمین کو فی کس 44900 روپئے کی بچت ہورہی ہے۔ جاریہ سال ریال کی قیمت 17 روپئے 39 پیسے مقرر کی گئی ہے۔ فضائی کرایہ 62 ہزار 605 روپئے رہے گا۔ گزشتہ سال گرین زمرہ کیلئے مجموعی طور پر 2 لاکھ 20 ہزار 550 روپئے حاصل کئے گئے تھے جبکہ عزیزیہ زمرہ کو ایک لاکھ 86 ہزار 650 روپئے ادا کرنے پڑے۔ رباط کے منتخب عازمین سے ایک لاکھ 38 ہزار 950 روپئے حاصل کئے گئے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ جاریہ سال مجموعی مصارف میں کسی قدر اضافہ ہوا ہے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ جو عازمین اسلامک ڈیولپمنٹ بینک کے ذریعہ قربانی ادا کرنے کے خواہشمند ہیں ان کو فی کس 8000 روپئے زائد ادا کرنے ہوں گے۔ یہ تینوں زمروں کیلئے ایک ہی رقم ہوگی۔ انہیں دوسری قسط کی اپنی رقم میں اضافہ کرتے ہوئے جمع کرنا ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ شیعہ  عازمین حج جن کیلئے جحفہ میقات کو بھی انہیں مزید 100 سعودی ریال یعنی ایک ہزار 739 روپئے زائد ادا کرنے ہوں گے۔ جاریہ سال تلنگانہ اور دیگر دو ریاستوں کے عازمین کیلئے سنٹرل حج کمیٹی نے اہم رعایت کا اعلان کیا ہے جس کے تحت دوسری مرتبہ مَحرم زمرہ کے تحت جانے والے عازمین کو اضافی رقم کی ادائیگی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ مَحرم زمرہ میں روانہ ہونے والے عازمین سے فی کس 35000 روپئے وصول کئے جاتے ہیں لیکن جاریہ سال حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ کو اس رقم کی وصولی سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔ تلنگانہ حج کمیٹی سے دوسری مرتبہ بحیثیت مَحرم روانہ ہونے والے عازمین کو یہ بڑی چھوٹ دی گئی ہے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے عازمین سے خواہش کی کہ وہ دوسری قسط کی رقم اسٹیٹ بینک آف انڈیا اور یونین بینک آف انڈیا میں سنٹرل حج کمیٹی کے اکاؤنٹ میں جمع کرائیں۔ یہ رقم راست سنٹرل حج کمیٹی  ویب سائیٹ پر جمع کی جاسکتی ہے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT