Saturday , October 21 2017
Home / شہر کی خبریں / حج ٹرینرس کے لیے ممبئی میں تربیتی کلاسیس

حج ٹرینرس کے لیے ممبئی میں تربیتی کلاسیس

عازمین کے لیے درکار معلومات اور حج کی تربیت سے واقف کروایا جائے گا
حیدرآباد ۔ 11۔ اپریل (سیاست نیوز) حج 2017 ء کیلئے سنٹرل حج کمیٹی کی جانب سے تمام ریاستوں کے حج ٹرینرس کیلئے تربیتی کلاسس کا 13 اپریل سے ممبئی میں آغاز ہوگا۔ یہ کلاسس 15 اپریل تک جاری رہیں گی جس میں عازمین حج کیلئے درکار معلومات اور انہیں حج سے متعلق تربیت کے بارے میں ٹرینرس کو واقف کرایا جائے گا۔ ہر ریاست کے 200 عازمین کیلئے ایک ٹرینر کے حساب سے ملک بھر سے ٹرینرس کو ممبئی مدعو کیا گیا ہے۔ تلنگانہ حج کمیٹی سے 15 ٹرینرس تین روزہ تربیتی کلاسس میں حصہ لیں گے۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ حیدرآباد اور اضلاع کی حج سوسائٹیوں سے ٹرینرس کا انتخاب کیا گیا ہے ۔ یہ ٹرینرس ٹریننگ کی تکمیل کے بعد اپنے اپنے علاقوں میں عازمین حج کے تربیتی کلاسس میں شریک ہوں گے اور عازمین حج کی مکمل رہنمائی کریں گے۔ سعودی عرب حکومت کی جانب سے وقفہ وقفہ سے کی جانے والی تبدیلیوں اور نئی شرائط کے باعث عازمین حج کی بہتر تربیت ناگزیر ہے ۔ اکثر یہ دیکھا گیا ہے کہ تربیت کی کمی کے سبب عازمین کو سعودی عرب پہنچنے کے بعد مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ ٹرینرس کی جانب سے عازمین حج کی روانگی سے واپسی تک کے تمام امور کے سلسلہ میں رہنمائی کی جاتی ہے۔ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں قیام کے دوران عازمین حج کیلئے جو اصول لازمی ہیں ان کی رہنمائی کی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حج کمیٹی کی جانب سے جاریہ ماہ کے آخری ہفتہ سے تربیتی کلاسس کا آغاز ہوگا ۔ توقع ہے کہ پہلا ٹریننگ کیمپ حیدرآباد میں منعقد ہوگا جس میں ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی شرکت کریں گے ۔ عازمین حج کیلئے ٹیکہ اندازی رمضان المبارک سے قبل مکمل کرنے کی تجویز ہے تاکہ عازمین رمضان المبارک میں عبادات میں مشغول رہیں۔ انہوںنے بتایا کہ سفری اخراجات کے لئے پہلی قسط کے طور پر 81,000 روپئے ادا کرنے کی آخری تاریخ 13 اپریل ہے۔ اگر عازمین مقررہ مدت میں رقم جمع نہیں کرائیں گے تو ان کی نشست منسوخ کردی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ میں تاحال 41 منتخب عازمین نے اپنا سفر منسوخ کردیا ہے ۔ اس سلسلہ میں تلنگانہ حج کمیٹی کو درخواست دی گئی۔ مخلوعہ نشستوں پر ویٹنگ لسٹ کے اعتبار سے انتخاب ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ محرم زمرہ میں ملک بھر میں 200 نشستیں سنٹرل حج کمیٹی نے جاری کی ہیں۔ محرم زمرہ میں فریضہ حج کی خواہشمند خواتین 8 مئی تک درخواستیں داخل کرسکتی ہیں۔ قرعہ اندازی کے ذریعہ ملک بھر کے محرم زمرہ کے عازمین کا انتخاب کیا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT