Friday , September 22 2017
Home / شہر کی خبریں / حج کیمپ 2017ء کا آغاز، عازمین حج کی آمد

حج کیمپ 2017ء کا آغاز، عازمین حج کی آمد

محمود علی پہلے قافلے کو وداع کریں گے، کل صبح دو فلائیٹس کی پرواز، طعام و قیام اور تربیت کی سہولت
حیدرآباد۔/12اگسٹ، ( سیاست نیوز) حج کیمپ 2017 کا آج سے آغاز ہوگیا اور ابتدائی 2 قافلوں کے عازمین حج نے رپورٹنگ کرتے ہوئے اپنے سفر کی توثیق کردی ہے۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور کی راست نگرانی میں حج ہاوز نامپلی میں صبح 10 بجے سے عازمین حج کی رپورٹنگ کا آغاز ہوا۔ 14 اگسٹ کی صبح روانہ ہونے والی 2 فلائیٹس کے عازمین حج رپورٹنگ کیلئے رجوع ہوئے ان میں شہر سے تعلق رکھنے والے عازمین ضروری اُمور کی تکمیل کے بعد واپس ہوگئے جبکہ اضلاع سے تعلق رکھنے والے عازمین حج ہاوز میں قیام پذیر ہیں جہاں انہیں تمام تر سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ عازمین حج کی تربیت کا بھی خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے حج ہاوز پہنچ کر انتظامات کا جائزہ لیا اور عازمین سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے مسائل دریافت کئے۔ شہر سے عازمین کی کثرت کے باعث حج ہاوز کی عمارت رہائش کیلئے کافی ہوچکی ہے۔ 500 سے زائد عازمین کی رہائش کا عمارت میں انتظام کیا گیا ہے۔ اضلاع کے عازمین کی آمد کی صورت میں زیر تعمیر کامپلکس کے 3 فلورس کو رہائش کیلئے استعمال کیا جائے گا۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ سعودی ایر لائنس کی پروازوں سے عازمین کے قافلے حج بیت اللہ کیلئے روانہ ہوں گے اور پہلے قافلہ کو ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی وداع کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پہلا قافلہ 13 اگسٹ کی رات 11 بجے حج ہاوز نامپلی سے روانہ کیا جائے گا جبکہ شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ سے رات 2 بجکر 55 منٹ پر طیارہ اُڑان بھرے گا۔ پہلے قافلہ میں 452 عازمین کی گنجائش رہے گی۔ پہلے قافلہ میں حیدرآباد کے 193 ، عادل آباد 38 ، کریم نگر 79 ، محبوب نگر 90 ، میدک 3 ، نظام آباد 2 اور رنگاریڈی کے 47 عازمین شامل ہوں گے۔ دوسرا قافلہ 14 اگسٹ کی صبح 11 بجکر 55 منٹ پر پرواز کرے گا اور اس قافلہ میں 453 عازمین ہوں گے جنہیں روانگی سے 4 گھنٹے قبل حج ہاوز نامپلی سے روانہ کیا جائے گا۔ عازمین کی حج ٹرمنل منتقلی کیلئے آر ٹی سی کی خصوصی بسوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ دوسرے قافلہ میں حیدرآباد کے 177، عادل آباد 3 ، کریم نگر 4 ، کھمم 18 ، محبوب نگر 6 ، میدک 73 ، نظام آباد 129 ، رنگاریڈی 26 اور ورنگل کے 7 عازمین شامل ہوں گے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ 15 اگسٹ کو شام 4 بجے حج ہاوز نامپلی سے چوتھے قافلے کو وداع کریں گے۔ یہ قافلہ رات 9 بجکر 55 منٹ پر پرواز کرے گا جبکہ تیسرا قافلہ اسی روز صبح 6 بجکر 25 منٹ پر جدہ کیلئے روانہ ہوگا۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ ہر فلائیٹ کے عازمین کو 48 گھنٹے قبل رپورٹ کرنا ہوگا اور حج ہاوز میں تمام ضروری اُمور کی تکمیل کا انتظام کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حج ہاوز اور حج ٹرمنل میں والینٹرس کو رہنمائی کیلئے متعین کیا گیا۔ کیمپ کے دوران برقی کی سربراہی میں کسی بھی خلل سے نمٹنے کیلئے گراونڈ فلور کے تمام انتظامات کو احتیاطاً جنریٹر پر رکھا گیا ہے۔

 

TOPPOPULARRECENT