Tuesday , August 22 2017
Home / شہر کی خبریں / حج ہاؤز کے انتظامات درہم برہم، شارٹ سرکٹ سے دو لفٹس ناکارہ

حج ہاؤز کے انتظامات درہم برہم، شارٹ سرکٹ سے دو لفٹس ناکارہ

سیلر میں پانی، طوفانی بارش کا منفی اثر، درستگی میں سست روی
حیدرآباد۔/7 مئی، ( سیاست نیوز) شہر میں ہوئی طوفانی بارش نے حج ہاوز نامپلی کے انتظامات کو بھی درہم برہم کردیا ہے۔ بارش کے سبب پانی نہ صرف سیلر بلکہ لفٹ کے اندرونی حصہ میں داخل ہوگیا جس سے شارٹ سرکٹ کے سبب حج ہاوز کی دو لفٹس ناکارہ ہوچکی ہیں۔ گزشتہ دو دن سے حج ہاوز کے ایک حصہ میں دونوں لفٹس بند ہیں اور ان کی ریپیرنگ میں غیر ضروری تاخیر کی جارہی ہے۔ ریپیرنگ کیلئے لفٹ کے نچلے حصہ سے پانی کی نکاسی ضروری ہے جس کے بعد تمام ناکارہ وائرنگ کو تبدیل کرنا پڑے گا۔ جس طرح اقلیتی بہبود کی کارکردگی سُست رفتار ہے اسی طرح دونوں لفٹس کی درستگی میں بھی سُست رفتاری کا مظاہرہ کیا جارہا ہے تاہم اس سے نہ صرف ملازمین بلکہ عوام کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ عمارت کے اُس حصہ میں تلنگانہ وقف بورڈ، ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفس حیدرآباد، ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفس رنگاریڈی، آندھرا پردیش وقف بورڈ، حج کمیٹی اور دیگر اہم دفاتر موجود ہیں۔ اس عمارت کی 9ویں منزل تک عوام کو اپنے مسائل کے سلسلہ میں رجوع ہونا پڑتا ہے لیکن اس حصہ میں دونوں لفٹس بند ہونے سے عہدیدار بھی پریشان ہیں۔ تلنگانہ وقف بورڈ کے چیف ایکزیکیٹو آفیسر کا دفتر پہلی منزل پر ہے اور وہ سیڑھیوں کے ذریعہ باآسانی پہنچ سکتے ہیں لیکن آندھرا پردیش وقف بورڈ کا دفتر 5ویں منزل پر ہے۔ اس کے علاوہ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود آندھرا پردیش شیخ محمد اقبال کا آفس بھی 5 ویں منزل پر ہے۔ لہذا عہدیداروں کو اپنے دفاتر پہنچنے میں کافی دشواری ہورہی ہے۔ عمارت کے دوسرے حصہ میں موجود لفٹ کے ذریعہ یہ عہدیدار پانچویں منزل تک پہنچ رہے ہیں تاہم انہیں اس حصہ کی پانچویں منزل تک جانے کیلئے2 فلور پیدل چلنا پڑ رہا ہے۔ بارش کے سبب حج ہاوز کی عمارت میں برقی کی سربراہی بھی متاثر ہوئی ہے جس سے دفاتر میں کام کاج پر اثر پڑ رہا ہے۔ اسی دوران چیف ایکزیکیٹو آفیسر وقف بورڈ محمد اسد اللہ نے مینٹننس سے متعلق عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ دونوں لفٹس کی مرمت کا کام فوری انجام دیں تاکہ عوام کو کوئی دشواری نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کی کوشش کی جارہی ہے کہ ایک دن میں درستگی کا کام مکمل کرلیا جائے۔

TOPPOPULARRECENT