Sunday , October 22 2017
Home / Top Stories / حج ہاوز ’ لبیک اللھم لبیک ‘ سے گونج اٹھا

حج ہاوز ’ لبیک اللھم لبیک ‘ سے گونج اٹھا

عازمین کی آمد کے روح پرور مناظر ، آج رات 11 بجے پہلے قافلے کی روانگی
حیدرآباد ۔ 12 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : حج ہاوز نامپلی آج ’ لبیک اللھم لبیک ‘ سے گونج اٹھا ۔ حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کرنے کے جذبہ سے سرشار عازمین کی آمد کے ساتھ ہی سارا علاقہ روح پرور منظر پیش کررہا تھا ۔ اتوار کی شب 11 بجے حج ہاوز نامپلی سے پہلا قافلہ روانہ ہوگا ۔ اس پہلے قافلے میں 452 عازمین روانہ ہورہے ہیں ۔ جن میں حیدرآباد کے 193 عازمین کے علاوہ دیگر اضلاع کے عازمین بھی شامل ہوں گے ۔ ( تفصیلی خبر اندرونی صفحہ پر ) ۔ عازمین حج کی آمد کے ساتھ ہی حج ہاوز کے منتظمین اور والینٹرس نے عازمین کی رہنمائی کرتے ہوئے تمام امور کی تکمیل میں تعاون کیا ۔ آج شام اچانک بارش سے حج ہاوز پہونچنے والے عازمین اور انہیں وداع کرنے کے لیے آنے والے رشتہ داروں کو کچھ دیر کے لیے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ تاہم تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی نے انتہائی بڑے پیمانہ پر انتظامات کا دعویٰ کیا تھا ۔ لیکن موسم بارش کے پیش نظر خصوصی طور پر واٹر پروف شیڈ کی تنصیب عمل میں لائی گئی ہے ۔ حج ہاوز میں صرف عازمین کے داخلے کی اجازت دی گئی ہے ۔ عزیز و اقارب سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ حج کیمپ کے اندر داخل ہونے کی زحمت نہ کریں اور عازمین کے سفری امور میں رکاوٹ پیدا نہ کریں ۔ حج کیمپ میں ہی عازمین کے لیے ایمیگریشن کسٹمس ، لگیج چیک وغیرہ کا انتظام ہے ۔ ہر عازمین حج کو 2100 ریال کی فارن کرنسی حج کمیٹی کی جانب سے ادا کی جائے گی ۔ اس کے علاوہ عازمین اپنی خواہش کے مطابق مزید کرنسی حاصل کرسکتے ہیں ۔۔

TOPPOPULARRECENT