Tuesday , August 22 2017
Home / شہر کی خبریں / حج ہاوز میں انفارمیشن سنٹر کی جگہ کی تبدیلی

حج ہاوز میں انفارمیشن سنٹر کی جگہ کی تبدیلی

اے کے خان کی ایم ڈی اقلیتی کارپوریشن شفیع اللہ کو ہدایت
حیدرآباد۔ 13۔ اپریل ( سیاست نیوز) حج ہاؤز کے احاطہ میں قائم کئے جانے والے انفارمیشن سنٹر کی جگہ کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اقلیتی بہبود کے انچارج اے کے خاں نے آج حج ہاؤز کے معائنہ کے موقع پر عہدیداروں کو یہ ہدایت دی۔ انہوں نے انفارمیشن سنٹر کیلئے مختص کی گئی جگہ کو عوام کیلئے تکلیف دہ قرار دیا اور کہا کہ اس سے عوام کی آمد و رفت میں خلل پڑسکتا ہے ۔انہوں نے حج ہاؤز کے گراؤنڈ فلور پر دوسرے حصہ میں یہ سنٹر قائم کرنے مینجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن شفیع اللہ کو ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ انفارمیشن سنٹر میں اقلیتی بہبود سے متعلق تمام اسکیمات پر عبور رکھنے والے افراد کو مقرر کیا جائے اور وہ اپنی ڈیوٹی پوری دیانتداری کے ساتھ انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی شخص کسی بھی اسکیم کے بارے میں معلومات کے بغیر واپس نہ ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ معلومات کی فراہمی کے علاوہ درخواستوں کے ادخال میں بھی تعاون کیا جائے۔ اے کے خاں نے کمپیوٹرس نصب کرتے ہوئے آن لائین درخواستوں کے ادخال میں مدد کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ انفارمیشن سنٹر کے لئے علحدہ ٹیلیفون نمبر رکھا جائے اور یہ ہیلپ لائین نمبر تمام اقلیتی اداروں سے متعلق اسکیمات کیلئے کارگر ہو۔ انہوں نے کہا کہ انفارمیشن سنٹر کے قیام کا مقصد اسکیمات میں درمیانی افراد کے رول کو ختم کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس سنٹر سے وابستہ افراد اس طرح کی کسی سرگرمی میں ملوث پائے گئے تو انہیں بخشا نہیں جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT